کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ سیگفرائیڈ ایکمین نے کامن ویلتھ گیمز میں قوم کو جیت کی امید دلانے سے گریز کیا ہے، انہوں نےکہا ہے کہ کامن ویلتھ گیمز بہت مشکل ایونٹ ہے ، مگر کو شش کریں گے کہ دوسری ٹیمو ں کے لئے مشکلات کا باعث بنیں۔ لاہور میں میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ ہم سب کو حیران کرنے کی کوشش کریں گے، کامن ویلتھ گیمز میں اس وقت پاکستان سب سے کم درجہ کی ٹیم ہے، ہم میدان میں ہر ممکن فائٹ کریں گے ۔ ویزہ مسائل کے باعث تاخیر سے کیمپ جوائن کرنے والے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کامن ویلتھ گیمز میں ہر ٹیم مشکل ہوگی، کسی کو آسان تصور کرنا ہماری بڑی غلطی ہوگی اسی چیلنج کے ساتھ حریف ٹیموں کا مقابلہ اور اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے ،تیاری کیلیے وقت بہت کم ہے، میں تاخیر سے کیمپ میں پہنچا ہوں لیکن کھلاڑی ناممکن کو ممکن بنا سکتے ہیں، کوشش ہو گی کہ عید کی چھٹیوں کے بعد جو وقت ملے اس سے فائدہ اٹھائیں۔ موسم کے فرق کے اثرات کے بارے میں کوچ نے کہا کہ برمنگھم میں موسم مختلف ہو گا جو کہ ہمارے لیے آئیڈیل نہیں ہے، غیر ملکی ٹیمیں جب یہاں آتی ہیں تو انہیں بھی مختلف کنڈیشنز کا سامنا ہوتا ہے، کنڈیشنز کا مختلف ہونا کھیل کا حصہ ہے ہمیں ان کے مطابق خود کو ڈھالنا ہے، موسم کی معذرت پیش نہیں جا سکتی۔