• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہاکی فیڈریشن معاملات چلانے کیلئے ایڈہاک کمیٹی بنانیکا فیصلہ

کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پی ایچ ایف کے عہدے داروں کو فارغ کرنے کے بعد پاکستان اسپورٹس بورڈ نے فیڈریشن کے معاملات ایڈ ہاک کمیٹی کی مدد سے چلانے کا فیصلہ کیا ہے جو تین ماہ میں نئے انتخابات کرائے گی۔ پی ایس بی کے ڈی جی کرنل (ر) آصف زمان نے جنگ سے بات چیت میں کہا کہ قومی ٹیم پروگرام کے مطابق کامن ویلتھ گیمز میں حصہ لے گی، عہدے داروں کے فارغ کئے جانے سے ٹیم پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، ہاکی ٹیم کے ارکان ، دو کوچز اور ایک فزیو کو اسپانسر کررہے ہیں۔ دستے کے 61 ممبران کو ہوائی ٹکٹس اور ڈیلی الاؤنس دیں گے۔ اسپورٹس پالیسی وزارت بناتی ہے، عملدر آمد کرانا پی ایس بی کی ذمے داری ہے۔کھیلوں کو درست سمت میں لانے کیلئے سخت فیصلے کرنا پڑینگے ۔ادھر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایسوسی ایٹ سکریٹری ظاہر شاہ نے اسپورٹس بورڈ کا فیصلہ غیر آئینی قرار دے کرعدالت جانے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہےفیڈریشن عہدے داروں کو ڈی نوٹی فائی کرنے سے سرپرست اعلی وزیر اعظم شہباز شریف بھی فارغ ہوگئے ہیں۔ جنگ سے گفتگو میں انہوں نے کہ کئی فیڈریشنوں نے ایک سال کی تاخیر سے انتخابات کرائے مگران کے خلاف ایکشن نہیں لیا گیا، پی ایس بی کو کارروائی سے قبل وضاحت مانگنی چاہئے تھی ۔ براہ راست ایکشن نے ایف آئی ایچ کو مداخلت کا موقع فراہم کردیا ہے۔ پی ایس بی کے فیصلے سے ہاکی لیگ اور دیگر پروگراموں کو دھچکا لگے گا۔

اسپورٹس سے مزید