• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، عیدالاضحیٰ کی آمد پر بازاروں میں رش بڑھ گیا، قیمتوں میں100 فیصد سے زائد اضافہ

پشاور(صباح نیوز)عید الاضحی قریب آنے پر پشاور کے بازاروں میں خریداروں کا رش بھی بڑھ گیا تاہم نئے ملبوسات سمیت جوتوں ،میک اپ کے سامان اور دیگر اشیاءکی قیمتوں میں زبردست اضافہ کر دیاگیا ہے ۔ڈیکوریشن کا سامان بھی پچھلے سال کے مقابلے میں اس سال 100فیصد تک مہنگا ہونے سے خریداروں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے اور بازاروں میں تاجروں نے خریداری کرنے والوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پشاور کے جھنڈا بازار،کریم پورہ،شاہین بازار،مینا بازار،کوچی بازار، صدر بازار سمیت یونیورسٹی ،بورڈ اور ابدرہ کے علاوہ دیگر مقامات پر ملبوسات سمیت جوتوں اور دیگر اشیاءکی قیمتوں میں زبردست اضافہ کر دیاگیا ہے جہاں پر خریداری میں خاص کر خواتین کو شدید پریشانی کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔ خواتین کی بڑی تعداد شہر کی بیکریوں اور فائیو سٹار ہوٹلوں سے ”عید کیک بھی خریدرہی ہیں تاہم دکانوں کے علاوہ سٹال ہولڈرز کے نخرے بھی عروج پر ہیں اور من مانے ریٹ مقرر کر دیئے ہیں اور بعض دکانوں پر سیل کے نام پر لوٹ سیل جاری ہے ۔ مہندی لگوانے کے لئے خواتین کا رش بازاروں میں لگا ہوا ہے تاہم مہندی لگانے کے نرخوں میں بھی تین گنا اضافہ کر دیا گیاہے ۔ پچھلے سال خواتین کا جو سوٹ 3سے4ہزار روپے میں دستیاب تھا اب اس کی قیمت 6ہزار سے بڑھا دی ہے ۔اسی طرح میچنگ دوپٹوں کی قیمتوں میں بھی ہزار سے پندرہ سو روپے تک اضافہ کیاگیا ہے جبکہ بچوں کے ریڈی میڈ سوٹ کی قیمت 2ہزار ر وپے سے بڑھا کر4ہزار روپے تک کر دی گئی ہے جبکہ بڑے بچو ں کے تیار ملبوسات پانچ ہزار روپے میں بھی دستیاب نہیں ۔اسی طرح جوتوں کی قیمتوں میں بھی پچاس سے ساٹھ فیصد تک اضافہ کیاگیا ہے ۔

پشاور سے مزید