پشاور(جنگ نیوز)واٹر اینڈ سینیٹشن سروسز کمپنی مردان کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر انجینئر امیر خان نے کہاہے کہ عید الاضحی کے موقع پر شہریوں میں صفائی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کیلئے شہر کے اہم مقامات پر بینرز اور پینا فلیکس آویزاں کر دیے گئے ہیں جبکہ شہریوں میں آگاہی بروشرزبھی تقسیم کئے گئے ہیں۔اسی طرح شہرکے اہم مقامات اور مویشی منڈیوں میں لاوڈ سپیکر جبکہ ریڈیو زکے ذریعے بھی آگاہی پیغامات نشر کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ سیٹزن لیزان سیل عید کے دنوں میں بھی شہریوں کوخدمات فراہم کرئے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان شہر کے مختلف مقامات پر شہریوں میں آگاہی بروشرز تقسیم کرنے کے موقع پر کیا۔اس موقع پر منیجر میونسپل سروسز انجنیئر محمد خلیل اکبر،اسسٹنٹ منیجر کسٹمر ریلیشنز راحت اللہ اور سی ایل سی سٹاف بھی انکے ہمراہ تھے۔انجنیئر امیر خان نے کہاہے کہ کمپنی نے شہریوں کی آگاہی کے لئے سیٹزن لیزان سیل قائم کر دیا ہے اور گزشتہ ایک سال کے دوران مردان شہر کے230مساجدکے خطباء کو کمپنی کاپیغام پہنچایا گیا ہے اورعلماء کرام نے قرآن وسنت کی روشنی میں شہریوں کو صفائی،صاف پانی اور نالیوں میں کچرا نہ پھینکنے کے حوالے سے آگاہی دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عید قربان کے موقع پر مردان کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔اگر شہریوں نے اپنا تعاون جاری رکھا تو صفائی کے حوالے سے مردان شہر دوسروں کے لئے قابل تقلید ہوگا۔انہوں نے کہاکہ مردان کے شہریوں میں پانچ ہزار آگاہی بروشرزتقسیم کر دیے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ شہر کے39نائبر ہوڈ کونسلوں کے چیئرمین کو بھی صفائی کے حوالے سے اعتماد میں لیا گیا ہے۔اسی طرح نماز عید کے فوراً بعد شہریوں میں قابل تحلیل بیگ(بائیو ڈگریڈئیبل) بھی تقسیم کئے جائیں گے تاکہ جانوروں کی آلائشوں اور باقیات کو محفوظ طریقے سے تلف کیا جاسکے۔