کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے لاڑکانہ میں پیپلزپارٹی کے ظالم وڈیرے کے ہاتھوں غریب ریڑھی بان کے معصوم بچے کے قتل پر شدید غم اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کفر کی حکومت چل سکتی ہے لیکن ظلم کی نہیں۔ پہلے عمران خان کی حکومت چلانے اور اب شہباز شریف کی حکومت چلانے کی خاطر سندھ کو آصف زرداری کی پیپلز پارٹی کے ہاتھوں گروی رکھ دیا گیا ہے، پولیس پیپلز پارٹی کی زر خرید غلام بن چکی ہے، پیپلز پارٹی کی ظالم اور کرپٹ سندھ حکومت خود کو ریاست سے بالاتر سمجھنے لگی ہے۔ کوئی پوچھنے والا نہیں۔ ایسی صورتحال میں ریاست پاکستان کے قانون نافذ کرنیوالے دوسرے اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ پیپلز پارٹی کے گڑھ لاڑکانہ میں با اثر ظالم وڈیرے نے زمین کے معاملے پر غریب ریڑھی بان کے چھوٹے بیٹے کو کلہاڑی کی ضربوں سے قتل کردیا جبکہ اسی بااثر ظالم وڈیرے نے کچھ عرصہ قبل اسی مزدور کے بڑے بیٹے کو بھی قتل کردیا تھا۔ اس بربریت پر خاموش رہنے والے ظالم کو طاقتور بنا کر الله کے عذاب کو دعوت دے رہے ہیں۔ عدالتیں بھی انصاف فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہیں، اگر پہلے بیٹے کے قتل پر انصاف فراہم کیا جاتا تو دوسرے بیٹے کی لاش دفنانے کی نوبت نہیں آتی۔ غریب ریڑھی بان کے بیٹوں کے قتل کی زمہ دار پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت ہے۔ پیپلز پارٹی کے با اثر وڈیروں نے قانون کو گھر کی لونڈی بنا لیا ہے جبکہ عوام کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار ظالم وڈیروں کی پشت پناہی میں مصروف نظر آتے ہیں، اس دوہرے قتل پر پولیس تاحال خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ سید مصطفیٰ کمال نے چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف آف آرمی اسٹاف سے واقعے کا نوٹس لینے کے ساتھ، سندھ میں بدترین طرزِ حکمرانی اور پیپلز پارٹی کے وڈیروں اور جاگیرداروں کی سفاکی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ پیپلز پارٹی ان ہی ظالم وڈیروں اور جاگیرداروں کے زریعے 14 سال سے بلا شرکت غیر سندھ پر قابض ہے۔