کلر سیداں(خبرایجنسی، نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کی تاریخ میں پہلا سیاست دان ہے جس کو سپریم کورٹ نے جھوٹا اور آئین شکن قرار دیا، سپریم کورٹ نے عمران خان کے امریکی سازش کے بیانیے کو اڑا کر رکھ دیا،مسلم لیگ (ن) نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ایک ایک بارودی سرنگ کو اپنے ہاتھ سے ہٹاکر پاکستان کو بچایا ہے،مشکل دور ختم ہوا، ان شا اللّٰہ آنے والے دن اچھی سے اچھی خبریں لے کر آئیں گے ،جو شخص اپنی حکومت اور سیم پیج ہوتے ہوئے مسلم لیگ (ن) سے سارے ضمنی انتخابات ہار گیا وہ کہتا ہے دھاندلی ہو رہی ہے، دھاندلی اسکو کہتے ہیں کہ اے آر وائی کو کھلی چھوٹ ہو اور نیب کے چیئرمین کو ویڈیو سے بلیک میل کرکے مخالفین کے خلاف جعلی مقدمات بنائے جائیں ۔کلرسیداں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مشکل فیصلے جو کرنے پڑے وہ کیے، دل پر پتھر رکھ کر کیے، عمران خان پاکستان میں جو بارودی سرنگیں بچھا کر گیا تھا، ان کو مسلم لیگ (ن) نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ایک ایک بارودی سرنگ کو اپنے ہاتھ سے ہٹاکر پاکستان کو بچایا ہے۔انہوں نے کہا کہ مشکل دور ختم ہوا، ان شا اللّٰہ آنے والے دن اچھی سے اچھی خبریں لے کر آئیں گے اور شام کو وزیراعظم شہباز شریف قوم سے خطاب کریگا اور پیٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرے گا۔انہوںنے کہاکہ یہ عوام ہماری ذمہ داری ہیں، وہ جو کہتے تھے ہم آلو، پیاز کے ریٹ معلوم کرنے نہیں آئے، آج کل اپنی تقریروں میں دھنیا اور پودینے کا ریٹ بھی بتاتا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ سپریم کورٹ کا جو تاریخی فیصلہ آیا ہے، اس میں فتنہ خان کی جھوٹی سیاست کو اڑا کر رکھ دیا، پاکستان کے 75 سال میں یہ پہلا سیاست دان ہے، جس کو سپریم کورٹ نے کہا یہ جھوٹا بھی ہے اور آئین شکن بھی ہے۔انہوںنے کہاکہ سپریم کورٹ کے جج نے کہا یہ پاکستان کا آئین توڑنے کا مرتکب ہوا ہے تو مبارک ہو عمران خان تم پاکستان کے پہلے سیاست دان ہو جس نے آمر کو بھی مات دی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان سے کہتی ہوں کہ پاکستان کے مقدس آئین توڑنے والوں پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے، غداری کے مقدمے چلنے چاہئیں، انہوں نے پاکستان کے آئین کو اپنے پاؤں تلے روندا ہے، اس لیے ان کو ایسی سزا ملنی چاہیے کہ پھر کسی کو آئین کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہ ہو۔