کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام رپورٹ کارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کاروں سہیل وڑائچ ، مظہر عباس، بینظیر شاہ ، حفیظ اللہ نیازی، اطہر کاظمی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے بہت سارے معاملات طے ہوگئے ہیں ، پارلیمنٹ قاسم سوری اور عمران خان کیخلاف آئین شکنی کی کارروائی کیلئے پابند نہیں ہے۔ میزبان علینہ فاروق شیخ کے پہلے سوال کیا سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں فواد، قاسم سوری اور عمران خان کیخلاف آئین شکنی کی کارروائی ہونی چاہئے؟ کا جواب دیتے ہوئے بینظیر شاہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں پارلیمنٹ قاسم سوری اور عمران خان کیخلاف آئین شکنی کی کارروائی کیلئے پابند نہیں ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے میں آرٹیکل چھ کا ذکر اضافی نوٹ میں کیا گیا ہے، میں سمجھتی ہوں پی ٹی آئی حکومت نے سوچے سمجھے کے تحت آئین کو کام کرنے سے روکا اس پر سابق وزیراعظم اور ڈپٹی اسپیکر کے خلاف آرٹیکل چھ کا کیس بن سکتا ہے ۔ حفیظ اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے فیصلے میں قاسم سوری کے اقدام کو آئین شکنی قرار دیدیا ہے، عمران خان ہر صورت سے اقتدار سے چمٹے رہنا چاہتے تھے جس کیلئے انہوں نے آئین کے ساتھ کھلواڑ کیا۔ اطہر کاظمی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں کچھ چیزوں پر اعتراض کیا جاسکتا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہیں نہیں کہا گیا کہ آرٹیکل چھ لگنا چاہئے۔