لاہور(خصوصی نمائندہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سردار ایاز صادق نے ʼʼاپنا گھر خوشحال گھرانہʼʼ کی متاثرہ خاتون کا مسئلہ حل کروا دیا۔ سردار ایاز صادق نے اسلام آباد سے آئی خاتون لاریب کی ʼʼاپنا گھر خوشحال گھرانہ ʼʼکی رقم نہ ملنے پر وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے ٹیلی فون پر بات کروائی۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ʼʼاپنا گھر خوشحال گھرانہ ʼʼکی رقوم پر بینک بہت پیسے وصول کررہے ہیں ،اسے کم کروانا چاہتے ہیں۔ ایاز صادق نے کہا کہ جتنے بھی متاثرین ہیں ان کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ ایاز صادق نے کہا کہ لوگوں کے مکانات کیلئے قرضہ کی منظوری ہوگئی اورمقررہ وقت کیلئے بیانے بھی دیدئیے ہیں، اگر لوگوں کو گھر کیلئے رقم نہ ملی تو لاکھوں روپے بیانے ڈوب جائیں گے۔ مفتاح اسماعیل نے اسلام آباد کی فیملی کودو روز میں قرضہ دینے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔ سردارایاز صادق نے کہا کہ اگر دو تین روز میں قرضے کا مسئلہ حل نہیں ہوگا تو میں ذمہ دار ہوں۔