پشاور(وقائع نگار) صوبائی دارلحکومت پشاور میں ڈ پٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان نے محکمہ ٹرانسپورٹ ڈرائیونگ سنٹر جی ٹی روڈ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ محمد عمران نے ڈپٹی کمشنر پشاور کو ڈرائیونگ سنٹرکے مختلف حصوں کا دورہ کروایا اور تفصیل سے بریفنگ دی کہ عوام کی سہولت اور جعلی ڈرائیونگ لائسنسوں کی روک تھام کے حوالے سے پرانے پی وی سی ڈرائیونگ لائسنس کی جگہ سمارٹ کارڈ ڈرائیونگ لائسنس(چپ کارڈر) جاری کیے جا رہے ہیں اور اب کمپیوٹر سافٹ وئیر پر ڈرائیونگ ٹیسٹ لیے جا رہے ہیں جس کا نتیجہ اسی وقت سامنے آ جاتا ہے اور امیدوار کو بھی پتا چل جاتا ہے او ر اب اینڈرائیڈ فون پر بھی سمارٹ کارڈ کی ویریفیکشن کی جا سکتی ہے۔پشاور سے ایک سال کے لیے انٹر نیشنل ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جاتے ہیں جو کہ بیشتر ممالک میں کارآمد ہیں اور جدید لیزر پرنٹرر پر سمارٹ کارڈ ڈرائیونگ لائسنس کی پرنٹنگ کی جاتی ہے۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر نے ڈپٹی کمشنر پشاور کو دیگر سہولیات کے بارے میں بھی تفصیل سے بتایا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان نے اس موقع پرجدید ڈرائیونگ سنٹر کے قیام اور عوام کو ون ونڈو سہولیات دینے پر خوشی کا اظہار کیا۔