• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، نشے کیخلاف مہم کی بدولت لاپتہ شخص اپنے پیاروں کو مل گیا

پشاور ( وقائع نگار) نشے سے پاک پشاور مہم کی بدولت 4سال سے گمشدہ خاندان کا چشم وچراغ شاہد محمود صحیح سلامت اپنے پیاروں کو مل گیا۔ تفصیلات کے مطابق منڈی بہائوالدین سے تعلق رکھنے والے خاندان کا چشم وچراغ شاہد محمود چار سال قبل اگست 2018میں نشے کی لت میں مبتلا ہوکر لاپتہ ہوگیا تھا گھر والے ڈھونڈ ڈھونڈ کر تھک گئے اور مایوس ہوگئے تھے24مئی کو نشے سے پاک پشاور مہم کے دوران انتظامیہ نے فردوس پھاٹک سے نشے کی حالت میں تحویل میں لیکر الخدمت بحالی سنٹر منتقل کیا جہاں پر علاج مکمل ہونے اور یاداشت بحال ہونے پر اس کی فیملی کا پتہ کرکے ان سے رابطہ کیاگیا اور ان کے بھائی ان کو لینے کمشنر آفس پہنچ گئے جہاں پر ان کی ملاقات کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی موجودگی میں شاہد محمود سے کرائی گئی اس موقع پر شاہد محمود کے بھائی نے کمشنر پشاور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نشے سے پاک پشاور مہم کی بدولت ان کا 4 سال سے گمشدہ بھائی ان کو مل گیا انہوں نے کہا کہ ان کی 76 سالہ والدہ جو کہ روز اپنے بیٹے کا تذکرہ کرتے ہوئے غمگین رہتی ہیں اس کے لئے بیٹے کی صحیح سلامت اور صحت مند خبر نے ان کو نئی زندگی دیدی ہے ان کے گھر میں جشن کا سماں ہے اور مبارکباد دینے والوں کا تانتا باندھ گیا ہے باقاعدہ چھٹی لیکر اپنے بھائی کو لینے آئے ہیں بعدازاں شاہد محمود کو والدہ سے ملاقات کیلئے ایک دن کے لئے ان کے بھائی کیساتھ روانہ کردیا گیا۔
پشاور سے مزید