لاہور (اے پی پی)لاہورہائیکورٹ نے محکمہ انسدادرشوت ستانی پنجاب کو شیخ رشید کوغیرقانونی ہراساں کرنے سے روکدیا۔عدالت نے نوٹسز جاری کرتے ہوئے 27جولائی کو فریقین سے جواب طلب کرلیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی درخواست پرسماعت کی جس میں اینٹی کرپشن میں طلبی کے نوٹسز کو چیلنج کیا گیا ہے ۔دوران سماعت درخواست گذار شیخ رشید احمد کی طرف سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ پیش ہوئے اورموقف اختیار کیا کہ زمین کا سودا ہوا ہے ابھی ادائیگی ہونا باقی ہے ابھی دس سے پندرہ فیصد بیعانہ ہوا ہے زمین کا قبضہ ابھی بھی میرے پاس ہے جس کو زمین فروحت کی ہے اس نے 80 فیصد ادائیگی کرنی ہے، قانون کی خلاف وزری نہیں کی سیاسی بنیادوں پرنوٹسز جاری کیے۔ عدالت نوٹسزکو کالعدم قرار دے۔ عدالت نے کارروائی کرتے ہوئے اینٹی کرپشن کوغیر قانونی ہراساں کرنے سے روکدیا اور 27 جولائی کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے متعلقہ فریقین سے جواب طلب کرلیا۔