حیدرآباد (بیورو رپورٹ) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات‘ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے حیدرآباد میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا جائزہ لینے کے لیے اہم تجارتی مراکز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سبزی‘ پھل‘ گوشت‘ آٹا‘ چینی اور دیگر بنیادی ضروریات کی اشیاءکی قیمتیں خود چیک کیں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران سرکاری نرخ ناموں پر سختی سے عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ دورے کے دوران بعض دکانداروں کو نرخ نامے آویزاں نہ کرنے اور سرکاری قیمتوں سے زائد وصولی پر تنبیہ کی گئی۔ شرجیل انعام میمن نے موقع پر موجود شہریوں سے گفتگو بھی کی اور قیمتوں کے حوالے سے ان کی شکایات سنیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ماہ صیام میں منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور سستی و معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رمضان برکتوں اور رحمتوں کا مہینہ ہے‘ اسے ناجائز منافع خوری کا ذریعہ بنانا افسوسناک عمل ہے۔