• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیر اور بلے کی نہیں ترقی کی جنگ ہے، مریم نواز

لاہور‘ملتان (اے پی پی)مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان اس کیلئے ووٹ مانگ رہا ہے جسے اس نے پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہا تھا،17جولائی کو شیراور بلے ، مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کی جنگ نہیں بلکہ لاہور اور پنجاب کی ترقی کی جنگ ہے جو ہم ان سے چھین کر لیں گے‘اگر اسی طرح عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہوتی رہیں تو دو ہفتے بعد پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مزید کم کریں گے‘پنجاب کو یہ بھی پتہ نہیں تھا کہ وزیر اعلیٰ بزدار تھا فرح گوگی تھی یا پنکی پیرنی ،یہاں کٹھ پتلیوں نے آگے کٹھ پتلیاں رکھی ہوئی تھیں‘جمہوریت اور قوم کا سر جھکنے نہیں دیں گے‘ مشکل وقت ختم ہو چکا، مسلم لیگ (ن) نے عمران خان کی بچھائی ہوئی بارودی سرنگوں کو ہٹا دیا ہے، اب آنے والا ہر دن ملک اور قوم کے لئے خوشخبریاں لائے گا‘نوجوانوں کے لئے لیپ ٹاپ اسکیم دوبارہ شروع کر رہے ہیں، 17 جولائی کو مسلم لیگ (ن) کا پنجاب کو نوچ نوچ کر کھانے والوں سے مقابلہ ہے، عمران خان نے امریکی سازش کے نام پر ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی، عمران خان سپریم کورٹ میں امریکی سازش کا کوئی ثبوت پیش نہ کر سکا۔جمعہ کو لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ بہت ہفتوں کے بعد جب پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہوئیں تو میں چین کی نیند سوئی ہوں‘ اگر ایک نالائق کی حکومت مزید ایک سال رہتی تو اس نے لاہور کو کھنڈر بنا کر دم لینا تھا‘چار سال اس لئے ضائع ہوئے کہ عمران خان خود سب سے بڑا کٹھ پتلی تھا اور اس نے آگے یہاں پر بزدار کو کٹھ پتلی رکھاہوا تھا،بزدار نے آگے فرح گوگی کو رکھاہوا تھا، اس نے آگے ابراہیم مانیکا کو رکھاہوا تھا اور اس نے بشریٰ پیرنی کو رکھاہوا تھا۔بعدازاں ملتان میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کا جھانسہ دے کر عوام کو بے وقوف بنایا، گوگی اور پنکی بھی امیر ہو گئیں اور ابراہیم مانیکا بھی ارب پتی بن گیا۔

اہم خبریں سے مزید