• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیخ رشید کو یہ مذاق اب تحریک انصاف میں مہنگا پڑیگا، مقامی پی ٹی آئی رہنما

اسلام آباد (فاروق اقدس/نامہ نگار خصوصی)پی ٹی آئی کے مقامی رہنما کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کو یہ مذاق اب تحریک انصاف میں مہنگا پڑے گا۔ مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کرنے والے پنجاب اسمبلی کے رکن جلیل شرقپوری جنہوں نے اپنی جماعت چھوڑنے کا فیصلہ کرنے کے بعد ہفتہ کی شب پنجاب اسمبلی کے سپیکر چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کی اور انہیں اپنا استعفیٰ پیش کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کیا تھا.

 ضمنی انتخاب کی پولنگ سے محض چند گھنٹے قبل ان کی جانب سے اس فیصلے پر چہ میگوئیوں اور الزامات کا سلسلہ اسی وقت شروع ہوگیا تھا۔ گوکہ ان کے اس فیصلے سے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کو کوئی فرق نہیں پڑتا تھا

 لیکن ٹائمنگ اور ان کے سیاسی پس منظر کے بعض دیگر سیاسی عوامل کے باعث ان کے مستعفی ہوکر تحریک انصاف میں شامل ہونے کے فیصلے کو ایک خاص تناظر میں دیکھا جارہا تھا لیکن اتوار کی صبح عمران خان سے بے پایاں اظہار وابستگی اور ہمیشہ ان کا ساتھ دینے کے عزم کا بار بار اعادہ کرنے والے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی جلیل شرقپوری سے متعلق ان کے فیصلے کے تناظر میں گفتگو پر مبنی ایک آڈیو سوشل میڈیا پر لیک ہوگئی جس نے مسلم لیگی راہنمائوں کے خدشات اور جلیل شرقپوری پر بعض مبینہ الزامات کو تقویت پہنچائی۔

سوشل میڈیا پر لیک ہونے والی اس آڈیو میں شیخ رشید چوہدری گل زماں نامی ایک شخص سے رقم کی ادائیگی کے حوالے سے گفتگو کر رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں ’’تو پھر کل آپ نے شرقپوری کو بھی پیمنٹ دے دی ہے‘‘ جس پر مذکورہ گل زماں نامی شخص جواب میں کہہ رہا ہے خدا کے بندے یہ ٹیلی فون ہے کچھ خیال کرو کل صورتحال دیکھنا بیڑا پار ہوگا۔

جس پر شیخ رشید بھی ہنستے ہوئے جواب دیتے ہیں کہ میں کون سا بھارت سے بات کررہا ہوں لاہور میں بات کررہا ہوں۔ دیکھ لیں میں نے کل آپ کی وجہ سے بیان دیا تھا کہ کل لاہور میں ہماری جیت ہوگی۔ گوکہ آڈیو میں شیخ رشید کی آواز قطعی طور پر واضح اور سو فیصد انہی کی تھی جس کی تصدیق ان کے قریبی حلقے بھی کر رہے تھے۔

لیکن پھر یہ خیال بھی ظاہر کیا جارہا تھا کہ آڈیو جعلی بھی ہوسکتی ہے۔ جس کیلئے استدلال یہ پیش کیا جارہا تھا کہ یہ کیسے ہوسکتا ہے شیخ صاحب جیسا زیرک اور چوکس سیاستدان جو نصف صدی سے اس میدان کا کھلاڑی ہے اور خود وزیر داخلہ بھی رہ چکا ہو ٹیلی فون پر ایسی غیر ذمہ دارانہ گفتگو کیسے کر سکتا ہے۔

اہم خبریں سے مزید