لاہور(آئی این پی ) سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ پہلے دن سے ہی موقف تھا کہ حکومت کرنے کی بجائے فوراً الیکشن کروا دینے چاہئیں، ضمنی الیکشنز سے واضح ہو گیا کہ اتحادی حکومت عوام کی تائید کھو چکی ہے،کرپشن کا تدارک، اینٹی اسٹیبلشمنٹ بیانیہ دور حاضر کی سیاست کے لازمی جزو ہیں۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے ڈیل ایک فریش مینڈیٹ کے ساتھ آنے والی حکومت کو ہی کرنی چاہئے مشکل فیصلے وہ حکومت کرے جسکے پاس پانچ سال کا مینڈیٹ ہو۔ مصطفی نواز کھوکھر نے اپنے بیان میں کہا کہ ہو نہیں سکتا کہ مہنگائی آسمانوں سے باتیں کر رہی ہو اور عوام ہمارے گلوں میں پھولوں کے ہار ڈالیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں ابھی تک ذہنی طور پر نوے کی دہائی میں پھنسی ہوئی ہیں۔
مصطفی نواز کھوکھر نے واضح کیا کہ کل کے نتائج کے بعد سیاسی استحکام میں مزید کمی آئے گی اور حکومت کرنا مشکل ہوتا چلا جائے گا ، ملک اور معیشت کو استحکام کی ضرورت ہے جو صرف جنرل الیکشنز کے ذریعے ہی ممکن ہے۔