• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف واپس آکر اگلی انتخابی مہم کی قیادت کرینگے، رانا ثناء

کراچی(ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ہمارے امیدواروں کی وجہ سے ن لیگ کا ووٹ بینک متحرک نہیں ہوا، 20 نشستوں پر ہمارے امیدوار ہمارے نہیں تھے، ن لیگ کے کارکنوں اور ووٹرز نے انہیں تسلیم نہیں کیا، ، نواز شریف ضرور واپس آئیں گے اور اگلی انتخابی مہم کی قیادت کریں گے،پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عمران خان نے ن لیگ کو شکست نہیں دی، اپنی 20 میں سے 15نشستیں جیتی ہیں۔

 وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں میزبان شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کررہے تھے۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ نئے عام انتخابات کسی فرد واحد کی خواہش پر نہیں ہوسکتے، عام انتخابات سے متعلق فیصلہ پارلیمنٹ اجتماعی طور پر کرتی ہے.

 پارلیمنٹ انتخابات سے متعلق کوئی فیصلہ کرتی ہے تو ن لیگ اتحادیوں کے فیصلوں کی پابند ہے، ن لیگ اسمبلیاں تحلیل کرکے الیکشن کی طرف نہیں جارہی ہے، اتحادیوں کے ساتھ بیٹھیں گے مشاورت سے جو فیصلہ ہوگا اس پر عملدرآمد کریں گے،ن لیگ ابھی بھی مقبول ہے اگلے الیکشن میں ثابت کردیں گے۔

 رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ بیس نشستوں کے انتخابات کو مقبولیت کا پیمانہ نہیں کہا جاسکتا، ان بیس نشستوں پر ہمارے امیدوار ہمارے نہیں تھے، ہمارے امیدواروں کے ساتھ پونے چار سال کی گھٹیا اور انتقام پر مبنی حکومت کا بوجھ تھا.

اس بوجھ کی وجہ سے یہ امیدوار اپنے حلقوں میں پہلے ہی غیرمقبول تھے، ن لیگ کے کارکنوں اور ووٹرز نے ان امیدواروں کو تسلیم نہیں کیا، ان حلقوں میں ن لیگ کے لوگوں کے دل ان امیدواروں کے ساتھ نہیں تھے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ یہ بیس نشستیں پی ٹی آئی کی تھیں جس میں سے ہم نے پانچ نشستیں جیتی ہیں، جب ن لیگ اور پی ٹی آئی کا مقابلہ ہوگا ہم دو تہائی اکثریت سے جیتیں گے.

  ان نشستوں پر 2018ء کے مقابلے میں ہمارا ایک لاکھ 28ہزار ووٹ بڑھا ہے، ہمیں وقتی طور پر نقصان ہوا ہے اگلے الیکشن میں پورا ہوجائے گا، جن کو ابھی ٹکٹ دیا ہے عام انتخابات میں ان کے ساتھ بیٹھ کر بات کریں گے، مجھ سمیت سینئر پارٹی لیڈرز نے الیکشن سے پہلے بھی پارٹی قیادت سے ان لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر بات کرنے کیلئے کہا تھا، ہم لاہور، فیصل آباد سمیت دیگر جگہوں پر ٹکٹ تبدیل کرنا چاہتے ہیں.

 پارٹی قیادت نے کہا ہم نے انہیں ٹکٹ دینے کا وعدہ کیا ہے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت سنبھالنے اور چلانے کا درست فیصلہ کیا، عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ ملک کے مفاد میں کیا تھا، ملک کو نگراں حکومت کے حوالے کرجاتے تو سری لنکا بن سکتا تھا.

 نواز شریف ضرور واپس آئیں گے اور اگلی انتخابی مہم کی قیادت کریں گے، یہ نہیں ہوسکتا کہ ہم قومی اسمبلی تحلیل کردیں اور دو صوبوں میں پی ٹی آئی کی حکومت ہو، عمران خان بھی ایسا نہیں کرسکتا کہ دو صوبوں میں اسمبلیاں تحلیل کردے اور مرکز میں ہماری حکومت قائم رہے.

عمران خان غیرسیاسی غیرجمہوری احمق آدمی ہے، عمران خان کو گھٹیا زبان درازی کے علاوہ کسی چیز سے سروکار نہیں ہے، عمران خان اپوزیشن کے ساتھ بات نہیں کرنا چاہتا لیکن اسے بات کرنا پڑے گی۔

اہم خبریں سے مزید