اسلام آباد (نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ بلاشبہ معاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے، مگر ایسا دکھائی دیتا ہے کہ موجودہ سیاست دان اس کے لیے تیار نہیں،سود کے بغیر بھی ملک چل سکتا ہے، حکمران جماعتیں سیاسی، معاشی، سماجی بحران کی ذمہ دار، ملک کو تباہ کرنے والے قوم کا مذاق بھی اڑاتے ہیں۔ ٹیکس دینے والا فٹ پاتھ پر سوتا ہے اور ٹیکس چور بادشاہوں کی سی زندگیاں گزار رہے ہیں۔ مراعات یافتہ طبقہ قومی خزانے سے آج بھی 2600ارب کی سبسڈی لیتا ہے جب کہ عوام مہنگائی سے تنگ خودکشیاں کر رہے ہیں، ہمیں فیصلہ کرنا ہو گا کہ عالمی ڈکٹیشن پر چلنا ہے یا خود کچھ کرنا ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں معیشت پر ”قومی مشاورت“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ معیشت وینٹی لیٹر پر ہے، اقتصادی اور سماجی بحرانوں کی ذمہ دار حکومتیں ہیں، جماعت اسلامی نے ماہرین معیشت وقانون، دانشور طبقات اور علما کو اس لیے اکٹھا کیا ہے کہ ملک کیسے بچانا ہے۔