اسلام آباد (خالد مصطفیٰ)ٹیلریس سرنگ میں رکاوٹ، نیلم جہلم پراجیکٹ بندش کا شکار؛ بجلی کے صارفین 180 دنوں میں 63 ارب روپے اضافی ادا کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق بجلی صارفین کو چھ ماہ کیلئے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 63 ارب روپے اضافی ٹیرف ادا کرنا ہوں گے کیونکہ مہنگی آر ایف او پر مبنی بجلی پر انحصار بڑھے گا جیسا کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور سے 969 میگاواٹ سستی بجلی 180 دن تک 6 جولائی 2022 کو ٹیلریس سرنگ میں سامنے آنے والی رکاوٹ کی وجہ سے آف لائن رہے گی۔ یہ منگل کو یہاں الیکٹرک پاور ریگولیٹر میں نیپرا کے چیئرمین اور کے پی کے ممبر کے ساتھ واپڈا اور نیلم جہلم پراجیکٹ کی اعلیٰ انتظامیہ کی میٹنگ کا اہم نکتہ تھا۔ میٹنگ میں شرکت کرنے والے ایک عہدیدار کے مطابق واپڈا کی ٹیم نے ریگولیٹر کے اعلیٰ حکام کو بریفنگ دی کہ نیلم جہلم پاور پلانٹ یکم جولائی 2022 سے سرنگ میں رکاوٹ کی وجہ سے کام نہیں کر رہا اور بتایا کہ یہ منصوبہ اندازاً 6 ماہ بعد آن لائن ہو جائے گا۔