کراچی (ٹی وی رپورٹ) پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں ن لیگ کی حکومت ہے آصف زرداری کیوں پیسے دیں گے، حمزہ شہباز کی حکومت بچانے کیلئے آصف زرداری سیاسی و جمہوری راستے اپنائیں گے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہماری حلیف جماعتوں میں شامل ہے، اس وقت تمام اتحادی جماعتوں کے درمیان اعتماد کی آئیڈیل فضا ہے۔ ن لیگی ایم پی اے الیاس چنیوٹی نے بتایا کہ ق لیگ نے دس کروڑ روپے کی آفر کی ، عدالت نے مجھے بلایا تو میں بیان دوں گا۔ ان خیالا ت اظہار انہوں نے جیو نیو زکے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میںمیزبان شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام کے آغاز میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سیاست مسلسل بے یقینی کی زد میں ہے، پنجاب کے ضمنی الیکشن میں شکست کے بعد صوبے میں ن لیگ کی سیاست پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے، ایسی خبریں بھی آرہی ہیں کہ صورتحال کو سنبھالنے کیلئے نواز شریف نے خود واپس آنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ن لیگی ایم پی اے الیاس چنیوٹی نے بتایا کہ جھنگ کے ایک ہمارے دوست ہیں انہوں نے مجھ سے رابطہ کیا اپنے گھر بھی لے گئے، ان صاحب نے چھ مہینے پہلے بھی مجھ سے رابطہ کیا تھا، میں نے انہیں جواب دیا کہ ن لیگ کے ٹکٹ پر کامیاب ہوا ہوں ان میں کوئی شرعی خرابی نہیں دیکھی کہ انہیں چھوڑ دوں، انہوں نے پہلے مجھ سے رابطہ کیا مگر میں نے کال وصول نہیں کی، اس کے بعد انہوں نے میرے قریبی عزیز سے کہا کہ مولانا کو کہیں عمرے پر چلے جائیں ہم انہیں دس کروڑ روپے دیں گے اور دو کروڑ روپے آپ کو دیں گے، یہ پیشکش مجھے ق لیگ کی طرف سے کی گئی، عدالت نے مجھے بلایا تو میں بیان دوں گا، ذاتی طور پر پرویز الٰہی کا بڑا احترام کرتا ہوں۔ نمائندہ جیو نیوز لاہور ذیشان بخش نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی اور ق لیگ کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 176ارکان موجود تھے، کل دوپہر تک پی ٹی آئی اور ق لیگ اپنے تمام اراکین کو اکٹھا کر کے لاہور مال روڈ پر واقع اس ہوٹل میں منتقل کردے گی،اس وقت بھی اس ہوٹل میں ق لیگ اور پی ٹی آئی کے بہت سے ارکان ٹھہرے ہوئے ہیں۔نمائندہ جیو نیوز عثمان بھٹی نے کہا کہ لاہورایئرپورٹ کے قریب نجی ہوٹل میں ن لیگ، پیپلز پارٹی اور آزاد اراکین پنجاب اسمبلی قیام پذیر ہیں، اس وقت یہاں مقیم اراکین اسمبلی کی تعداد 150کے قریب ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پنجاب میں ن لیگ کی حکومت ہے آصف زرداری کیوں پیسے دیں گے، ہمیں دیکھنا ہوگا کہ آصف زرداری کا اس میں کیا مفاد ہے،پنجاب میں پیپلز پارٹی کی سات سیٹیں ہیں ہم اسی حد تک اسٹیک ہولڈر ہیں، پیپلز پارٹی اچھے یا برے میں ن لیگی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے، حمزہ شہباز کی حکومت بچانے کیلئے آصف زرداری سیاسی و جمہوری راستے اپنائیں گے، آصف زرداری چوہدری شجاعت کے پاس گئے جو ہمارے اتحادی ہیں، چوہدری شجاعت کا بیٹا اور ایم این اے وفاق میں ہمارے وزیر ہیں، چوہدری شجاعت سے حمزہ شہباز کیلئے ووٹ مانگنا کوئی جرم نہیں ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہماری حلیف جماعتوں میں شامل ہے، ہمارے اتحادی تمام تر اختلافات کے باوجود عدم اعتماد پر اکٹھے ہوئے،قبل از وقت پیسہ چلنے کی باتیں جنگ میں آزمائے جانے والے حربے ہیں، پی ٹی آئی کے ایم پی ایز کو آفر ہوئی ہے تو سارے رہنما الگ الگ رقم کیوں بتارہے ہیں، کس کے پاس اتنی رقم ہے کہ ایک ایک ایم پی اے کو پچاس پچاس کروڑ روپے آفر کرے، اس وقت تمام اتحادی جماعتوں کے درمیان اعتماد کی آئیڈیل فضا ہے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات میں ہماری شکست کی بات کرنا غلط ہے، 2018ء میں ہم 13نشستیں ہار گئے تھے جبکہ 7پر ہمارے پاس امیدوار ہی نہیں تھی، یہ ہماری بڑی کامیابی ہے کہ اب ان 20میں سے 5نشستیں ہمارے پاس ہیں، پی ٹی آئی نے 2018ء کے مقابلہ میں ضمنی انتخابات میں 20نشستوں پر ڈھائی لاکھ ووٹ زیادہ لیے ، ن لیگ نے پچھلی دفعہ کے مقابلہ میں ایک لاکھ 85ہزار زیادہ ووٹ حاصل کیے۔