اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں صریح مداخلت پر سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔ پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے تفصیلات سماجی میڈیا پرجاری کرتے ہوئے بتایا کہ رانا ثناء اللہ اور پنجاب حکومت کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کیلئے عدالت عظمیٰ کو درخواست دی ہے، سپریم کورٹ کے یکم جولائی کے فیصلے کی کھلے عام توہین جاری ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں صریح مداخلت اور پولیس کا استعمال عدالتی حکم کی کھلی توہین ہے۔ سپیشل برانچ کے استعمال کے ساتھ وزیر داخلہ کی کھلی دھمکیاں بھی عدالتی حکم کی توہین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ سے عدالتی حکم کی ایسی بے توقیری پر کارروائی کی استدعا کی ہے۔