ملتان(سٹاف رپورٹر)ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں فیکلٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کے زیر اہتمام جانوروں کی بیماری لمپی سکن(گلٹی دار بیماری) کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف رضاڈین فیکلٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسزنے کہا کہ بیمار جانوروں میں تیز بخار کھانا پینا رک جاتا ہے آنکھوں سے پانی کا اخراج منہ سے رال کا اخراج اور کھال دیگر اعضا پر موجود گلٹی کا پھٹنا اور مواد کا اخراج رونما ہوتا ہے۔ڈاکٹر سعد اللہ ڈیزیز انویسٹی گیشن ایند کنٹرول آفیسر لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈیویلپمنٹ ساؤتھ پنجاب نے بیماری پھیلاؤ کے سبب بننے والے مچھر، کاٹنے والی مکھی اور چیچڑ کو کنٹرول کرنے پر زور دیا۔ فارمرز ایسوسی ایشن کے صدر نواب ندیم الدین نے بیماری کی روک تھام اور مختلف احتیاتی تدابیر پر سامعین اور ویٹرنری طلبہ کو آگاہی فراہم کی۔اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر علی حیدر نے کہا کہ گرم اور مرطوب موسم میں اس بیماری کو تقویت ملتی ہے لیکن سردی میں بھی یہ بیماری پھیل سکتی ہے کیونکہ گرمی کے موسم میں مچھر اور چیچڑ بیماری پھیلانے میں موجب بنتے ہیں بارش کے موسم میں بھی ان کا بریڈنگ سسٹم بڑھ جاتا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر جنید علی خان نے کہا کہ فارمرز حضرات بیماری آنے سے پہلے تمام جانوروں کی ویکسین مکمل کر لیں۔رئیس جامعہ پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے خطاب کرتے ہو ئے فیکلٹی کی اس کاوش کو سراہا اور مستقبل میں بھی ایسے پروگرامز منعقد کرانے پرزور دیا۔