ملتان (سٹاف رپورٹر) پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن (پی ایچ سی) نے بغیر لائسنس کام کرنے والی تمام علاج گاہوں کو 31جولائی 2025ء تک معیارات پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی ہے، کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ اس مدت کے دوران معمول کی ریگولر انسپیکشنز کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے تاکہ علاج گاہوں کو ضروری اصلاحات کے لیے مہلت دی جا سکے،پی ایچ سی کے مطابق یہ مہلت علاج گاہوں کے لیے مریضوں کو محفوظ، معیاری اور قانونی علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کا سنہری موقع ہے، کمیشن نے واضح کیا ہے کہ یکم اگست 2025ء سے معائنے دوبارہ شروع کر دیے جائیں گے اور جن اداروں نے پی ایچ سی معیارات پر عملدرآمد نہ کیا، ان کے خلاف پی ایچ سی ایکٹ 2010ء کے تحت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔