پشاور(نامہ نگار)پشاور شہر کے مختلف علاقوں کے گیس صارفین نے محکمہ سوئی گیس کی جانب سے پشاور میں گزشتہ آٹھ ماہ سے سوئی گیس کی ظالمانہ بند ش کیخلاف 29جولائی کو جی ایم سوئی گیس کے آفس کے سامنے احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے، اس بات کا اعلان عوامی نیشنل پارٹی کے صدر اور منتخب چیئرمین حاجی جامداد کے حجرہ میں سابق ناظم یونین کونسل شاھین مسلم ٹائون طارق متین کے زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا ہے۔اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور منتخب چیئرمین سید وزیر، کونسلر رحیم اللہ صافی، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور منتخب چیئرمین عامر خان، جماعت اسلامی کے امیر اور منتخب چیئرمین ایوب قریشی، جمعیت علماء اسلام کے امیر فضل الرحمن، پاسبان کے صدر زاہد حسین خلیل، صافی ویلفیئر کے چیئرمین حاجی شمس الدین، انجمن تاجران کے صدر حاجی تحسین اللہ سمیت دیگر منتخب چیئرمینز اور کونسلرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پشاور سٹی میں عموماً اور شاھین مسلم ٹاون میں خصوصا ًگیس کی ظالمانہ لوڈشیڈنگ کے 29 جولائی کو سوئی گیس کے جی ایم آفس میں دھرنا دیا جائے گا۔