• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ آج سے شروع، قومی ٹیم کو سیریز میں برتری حاصل

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سری لنکا اور پاکستان کے درمیان دوسرا ٹیسٹ اتوار سے گال انٹر نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہورہا ہے۔پاکستان نے پہلا ٹیسٹ چار وکٹ سے جیتا تھا اور اسے سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے دوسرے ٹیسٹ کی پچ بھی اسپنرز کے لئے ساز گار دکھائی دیتی ہے اس لئے پاکستان نے اضافی اسپنر نعمان علی کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔سلمان علی آغا کو ڈراپ کرکے فواد عالم کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔سری لنکا کے اینجلو میتھیوز اپنے کیئریئر کا سواں ٹیسٹ کھیلیں گے۔پاکستان نے 1994میں آخری بار سری لنکا کو دوصفر سے شکست دی تھی۔پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ پہلا ٹیسٹ جیت کر ہمارے حوصلے بلند ہیں ۔پریشر والا میچ جیت کر ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان ٹیم کے فزیو کلف کو کریڈٹ جاتا ہے جس نے ہمیں فٹ رکھا ہوا ہے۔بابر اعظم نے کہا کہ میچ میں شاہین آفریدی کی کمی شدت سے محسوس ہوگی۔ان کی عدم موجودگی میں ہم نے ٹیم میں ایک اور اسپنر نعمان علی کو شامل کیا ہے۔توقع ہے کہ پاکستان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی جائیں گی۔ان فٹ شاہین شاہ آفریدی کی جگہ لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔پہلے ٹیسٹ میں ناکام رہنے والے سلمان علی آغا کی جگہ تجربہ کار فواد عالم لیں گے۔شاہین شاہ آفریدی سری لنکا کے خلاف گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے دوران گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا ہو گئے جس کی وجہ سے وہ دوسری اننگز میں صرف سات اوورز بولنگ کر سکے۔ پہلے ٹیسٹ میں فیلڈنگ کے دوران ڈائیو مارنے کی وجہ سے ان کے گھٹنے پر زور پڑا تھا جس کی وجہ سے انھیں ایم آر آئی کرانا پڑا تھا۔شاہین شاہ آفریدی کے ان فٹ ہونے کا اثر براہ راست پاکستانی بولنگ اٹیک پر پڑے گا ۔ اسپنرز میں اگرچہ محمد نواز نے پانچ وکٹیں حاصل کیں لیکن یاسر شاہ تین وکٹیں حاصل کرنے کے باوجود اپنی پرانی جھلک سے دور نظر آئے۔ پاکستان دو فاسٹ بولروں اور دو اسپنرزنعمان علی، محمد نواز اور یاسر شاہ کے ساتھ میدان میں اترے گا۔دوسری جانب سری لنکا کے اسپنر مہیش تھکشانا دائیں ہاتھ کی انگلی زخمی ہونے کی وجہ سے دوسرے ٹیسٹ سے آؤٹ ہوگئے ہیں۔انہوں نے پہلے ٹیسٹ میں 68رنز دے کر دو اور دوسری اننگز میں44رنز کے عوض کوئی وکٹ نہیں لی تھی۔وہ اب تک سری لنکا کی جانب سے دو ٹیسٹ میں پانچ وکٹ حاصل کر چکے ہیں۔مہیش تھکشانا کی جگہ دوسرے ٹیسٹ کے لئے ٹیم میں22سالہ آف اسپنرلکشیتھا مانا سنگھے کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔امکان ہے کہ سری لنکا میچ میں نوجوان آل راونڈردونتھ ولاگے کو موقع دے گا۔سری لنکا کی ٹیم میں پاتھوم نسانکا کی واپسی ہوئی ہے۔وہ9ٹیسٹ میں537رنز بنا چکے ہیں۔گال کے پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد سری لنکا آئی سی سی ٹیسٹ چیمپین شپ میں چھٹی پوزیشن پر چلی گئی ہے۔پاکستان نے تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔بابراعظم کی کپتانی میں پاکستانی ٹیم کی 12 ٹیسٹ میچوں میں گال میں آٹھویں کامیابی ہے۔پاکستان نے سری لنکا کے خلاف آخری سیریز 2015میں2015میں جیتی تھی جبکہ 2017-18 میں سری لنکا نے امارات میں پاکستان کو دو صفر سے شکست دی تھی۔پاکستان کے گیارہ کھلاڑی یہ ہوں گے۔بابر اعظم کپتان، امام الحق، عبداللہ شفیق، اظہر علی، محمد رضوان، فواد عالم، نعمان علی، یاسر شاہ، محمد نواز، حسن علی، اور نسیم شاہ۔

اسپورٹس سے مزید