• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور میں جعلی گڑ والا یونٹ سربمہر ، 2500 کلو مضر صحت گڑ برآمد

پشاور ( وقائع نگار )خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے پشاور کے علاقے شاہ عالم پل کے قریب کاروائی کرتے ہوئے جعلی گڑ تیار کرنے والا یونٹ پکڑ لیا، یونٹ سے 2500 کلو سے زائد مضر صحت گڑ برآمد کیا گیا، جسے گنے کے بجائے خراب گڑ، چینی اور مضر صحت رنگوں کی مدد سے تیار کیا جاتا تھا۔ کاروائی کے دوران جعلی گڑ تیار کرنے والا یونٹ سیل کردیا گیا۔ چھاپے کے دوران یونٹ سے 5 کلو سے زائد مضر صحت رنگ بھی برآمد کئے گئے۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق یونٹ میں صفائی کی صورتحال نہایت ناقص پائی گئی اور مضر صحت گڑ کی تیاری میں حفظان صحت کے اصولوں کی ململ خلاف ورزی کی جارہی تھی۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق مضر صحت گڑ یونٹ سے پشاور کے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جاتا تھا، جعلی گڑ تیار کرنے پر یونٹ سیل کردیا گیا، اور ملوث افراد کے خلاف فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت سخت قانونی کاروائی کی جائیگی، فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق مارکیٹ میں شہریوں تک خالص و معیاری گڑ کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے کاروائیوں کا سلسلہ جاری رہیگا، گڑ سمیت دیگر اشیاء خوردنوش میں ملاوٹ کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے کاروبار سربمہر کرنے کے ساتھ قید وبند کی سزائیں دی جاسکتی ہیں۔
پشاور سے مزید