لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پوری قوم عدالتوں کی طرف اوربد قسمتی سے ہماری عدالتیں پنڈی کی طرف دیکھ رہی ہیں۔پوری دنیا کے سروے میں ہماری عدلیہ کا 130ویں نمبر پر آنا لمحہ فکریہ ہے۔ عدالتوں نے بھی لوٹ مار پرآنکھیں بند کی ہوئی ہیں عدالتیں بھی اب سچ اور جھوٹ کی بنیاد پر،حق اور باطل کی بنیاد پر فیصلے نہیں کرتی ہیں بلکہ عام آدمی بھی محسوس کرتا ہے کہ وہ بھی فریقین کو ا کامو ڈیٹ کرتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینگورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔سراج الحق نے کہا کہ جو معزز ایوان جس کو لوگ قدر کی نگاہ سے دیکھتے تھے وہ مرکز میں قومی اسمبلی ہویاصوبائی اسمبلیاں ہوں اب اصطبل کی تصاویر بن گئی ہیں۔پی ڈی ایم،پی ٹی آئی کی وجہ سے ملک میں مہنگائی کا سونامی ہے تعلیم یافتہ نوجوان بے روز گار ہے ملک کو تماشا بنا دیا ہے ان جماعتوں کو قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔ جماعت اسلامی نے پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی سیاست سے اپنے آپ کو علیحدہ رکھا ہے اس لیے کہ ان کی سیاست کا سو فیصد مقصد اپنے مفادات کا حصول ہے ان کی طرز سیاست سے کچھ لوگوں کے بنک بیلنس،کارخانوں اور بنگلوں میں اضافہ ہو اہے ان جماعتوں کو ملک کے عوام کی کوئی فکر نہیں ہے۔