اسلام آباد(اے پی پی، مانیٹرنگ سیل) سپریم کورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے حوالے سے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کی جانب سے مسلم لیگ(ق) کے 10 ووٹ مسترد کرنے کی رولنگ کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئےپی ٹی آئی کے امیدوار پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب قرار دیدیا۔
سپریم کورٹ نےمختصرفیصلےمیں کہاکہ ڈپٹی اسپیکرکی رولنگ کا کوئی قانونی جوازنہیں تھا،کالعدم قراردی جاتی ہے۔ حمزہ کا حلف غیرآئینی،پنجاب کابینہ کانوٹیفکیشن کالعدم قرار دیتے ہوئے حکم دیاگیاکہ حمزہ شہبازاور انکی کابینہ فوری عہدے چھوڑ دیں، حمزہ شہباز فوری طور پر اپنا آفس خالی کریں،گورنرپنجاب نئے وزیراعلیٰ پرویزالٰہی سے منگل کی شب ہی11:30 بجے تک حلف لیں،انکےدستیاب نہ ہونےپرصدرمملکت لیں، تاہم گورنرپنجاب بلیغ الرحمٰن نے نئےوزیراعلیٰ سےحلف لینے سے معذرت کرلی، جسکے بعد پرویزالٰہی خصوصی طیارے سے اسلام آبادپہنچے اور ایوان صدر میں رات گئے وزیراعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھایا۔
قبل ازیں دوران سماعت چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے ریمارکس دیئے کہ شکر اتنی گریس باقی ہے کہ بائیکاٹ کرنے والے بھی عدالتی کارروائی سننے آئے،جسٹس منیب اختر نے کہا کہ 63A میں پارلیمانی پارٹی واضح ہے، جبکہ جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ کسی کو پارٹی پالیسی کے مطابق ووٹ نہیں دینا تو استعفیٰ دے انہوں نے استفسار کیا کہ کیا ووٹنگ سے چوہدری شجاعت کا خط پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پڑھا گیا۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے 11صفحات پرمشتمل مختصر فیصلہ سناتےہوئےحمزہ شہباز کی بطوروزیراعلیٰ تقرریاں بھی کالعدم قراردیدیں،حمزہ شہباز نے جو بھی قانونی کام کئے وہ برقرار رہیں گے،عدالت نے چیف سیکرٹری کوپرویز الٰہی کابطور وزیراعلیٰ نوٹیفکیشن جاری،حکم نامے کی کاپی گورنر، ڈپٹی اسپیکر اور چیف سیکرٹری سمیت متعلقہ اداروں کو بھیجنےکاحکم دیا، عدالت نےکہاتفصیلی وجوہات بعد میں سنائی جائیں گی، سپریم کورٹ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے حوالے سے ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری کی رولنگ کیخلاف دائر درخواست پر حکومتی اتحاد کے بائیکاٹ کے بعد درخواست گزاروں کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرنے کے بعد شام 5:45 پر سنانے کا اعلان کیا تھا تاہم سوا3گھنٹےتاخیرکے بعد سنایاگیا۔ چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ خواتین و حضرات معذرت، بہت سے معاملات دیکھنے تھے،مختصر فیصلہ لکھا ہے، چیف جسٹس نےفیصلہ سنایاکہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کے خلاف پرویزالٰہی کی درخواست منظورکی جاتی ہے،ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ غلط ہے،اس لئےکالعدم قرار دی جاتی ہے۔چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل 3 رکنی بینچ نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری کی رولنگ پر دلائل سنے جسکے نتیجے میں حمزہ شہباز کو وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں فاتح قرار دیا گیا تھا۔ دریں اثنا گورنرپنجاب کی جانب سے معذرت کے بعد صدر عارف علوی کے حکم پرخصوصی طیارہ پرویز الٰہی کو لاہور سے لیکر اسلام آبادپہنچا ۔
انکے ہمراہ تحریک انصاف کے رہنما بھی تھے۔ ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر عارف علوی نے پرویز الٰہی سے حلف لیا، پرویز الٰہی کی تقریب حلف برداری ایوان صدر میں رات 2 بجے ہوئی۔ تقریب حلف برداری میں تحریک انصاف، مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الٰہی بھی موجود تھے۔پنجاب کی نئی کابینہ کا اعلان جلد متوقع ہے۔ قبل ازیں دوران سماعت چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ گزشتہ روز عدالت میں صرف پارٹی سربراہ کی ہدایات پر عمل کرنے کے حوالے سے دلائل دیئے گئے، ہم نے یہ فیصلہ کیا کہ موجودہ کیس میں فل کورٹ بنانے کی ضرورت نہیں ہے، فریقین کے وکلاء کو بتایا تھا کہ آئین گورننس میں رکاوٹ کی اجازت نہیں دیتا، صدر کی سربراہی میں 1988 میں نگران کابینہ سپریم کورٹ نے کالعدم قرار دی تھی، عدالت کا موقف تھا کہ وزیراعظم کے بغیر کابینہ نہیں چل سکتی، فل کورٹ کی تشکیل کیس لٹکانے سے زیادہ کچھ نہیں تھا، ستمبر کے دوسرے ہفتے سے پہلے ججز دستیاب نہیں، کیا سترہ میں سے آٹھ ججز کی رائے کی سپریم کورٹ پابند ہو سکتی ہے؟ فل کورٹ بنچ کی اکثریت نے پارٹی سربراہ کے ہدایت دینے سے اتفاق نہیں کیا تھا، عدالتی بائیکاٹ کرنے والوں نے اتنی گریس دکھائی ہے کہ بیٹھ کر کارروائی سن رہے ہیں، جو مجھے جانتے ہیں انہیں پتہ ہے میں اپنے کام کو عبادت سمجھ کر کرتا ہوں۔ آئین میں واضح ہے پارلیمانی جماعت اپنے طور پر تو کوئی فیصلہ نہیں کرتی، سیاسی جماعت کا فیصلہ پارلیمانی جماعت کو آگاہ کیا جاتا ہے جس کی روشنی میں وہ فیصلہ کرتی ہے، جج کا بار بار اپنی رائے تبدیل کرنا اچھی مثال نہیں ہوتی، جج کی رائے میں یکسانیت ہونی چاہیے، ایک منصف ٹھوس وجہ کے بغیر اپنی رائے تبدیل نہیں کر سکتا، اگر کوئی واضح قانون سامنے آئے تو معذرت کر کے رائے تبدیل کر لوں گا، آرٹیکل 63 اے کی تشریح میں اکیسویں ترمیم کیس کا حوالہ نہیں دیا گیا، فریق دفاع نے الیکشن کمیشن کے منحرف اراکین کیخلاف فیصلے کا حوالہ دیا ہے، اختیارات پارٹی ہیڈ کے ذریعے ہی منتقل ہوتے ہیں، کوئی شبہ نہیں پارٹی سربراہ کا اہم کردار ہے لیکن ووٹنگ کیلئے ہدایات پارلیمانی پارٹی ہیڈ جاری کرتا ہے، کل عدالت میں بھی الیکشن کمیشن کے فیصلے کا حوالہ دیا گیا تھا، دیکھنا ہوگا سپریم کورٹ کس قانون کے تحت الیکشن کمیشن کے فیصلوں کی پابند ہے؟ یکم جولائی کو وزیراعلیٰ کا الیکشن ضمنی انتخابات کے بعد ہونے کا حکم فریقین کے اتفاق رائے سے تھا، کیا ضمنی انتخابات کے بعد منحرف ارکان کی اپیل تک سماعت روکنے کا اعتراض ہو سکتا ہے؟ آرٹیکل 63 اے کی تشریح کا معاملہ طے ہو چکا، اب مزید تشریح کی ضرورت ہی نہیں، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے بھی آرٹیکل 63 اے کی تشریح کی کوشش کی ہے، کوشش اچھی ہے لیکن ایڈووکیٹ جنرل کی تشریح درست نہیں۔ قبل ازیں ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے وکیل عرفان قادر اور پی پی پی کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت کے روبرو پیش ہو کر مؤقف اپنایا کہ انہیں موکلان کی طرف سے عدالتی کارروائی کا حصہ نہ بننے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عرفان قادر نے عدالت کو بتایا کہ وہ عدالت عظمٰی کے گزشتہ روز کے فل کورٹ تشکیل نہ دینے کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کریں گے۔ دوران سماعت پرویز الٰہی کے وکیل علی ظفر نے اپنے دلائل جاری رکھتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ اکیسویں ترمیم کیس میں جسٹس جوادایس خواجہ نے آرٹیکل 63 اے کو خلاف آئین قرار دیا تھا، جسٹس جواد خواجہ کی رائے تھی کہ آرٹیکل 63 اے ارکان کو آزادی سے ووٹ دینے سے روکتا ہے، جسٹس جواد خواجہ نے فیصلے میں اپنی رائے کی وجوہات بیان نہیں کیں، میں جسٹس جواد خواجہ کی رائے سے اتفاق نہیں کرتا، پرویز مشرف دور میں پارٹی سربراہ کی جگہ پارلیمانی سربراہ کا قانون آیا تھا، اٹھارہویں ترمیم میں پرویز مشرف کے قانون کو ختم کیا گیا، جسٹس منیب اختر نے اس موقع پر سوال اٹھایا کہ پارٹی سربراہ کی کیا تعریف ہے؟ کیا پارٹی سربراہ صرف سیاسی جماعت کا سربراہ ہوتا ہے؟۔ اس پر چوہدری پرویز الٰہی کے وکیل علی ظفر نے عدالت کو بتایا کہ ان کی نظر میں جسٹس عظمت سعید کی آبزرویشن آئین کے خلاف ہے، اکیسویں ترمیم میں آرٹیکل 63 اے ایشو نہیں تھا، جسٹس عظمت سعید کی آبزرویشن کی سپریم کورٹ پابند نہیں۔ جسٹس اعجازالاحسن نے اس موقع پر سوال اٹھایا کہ پارلیمانی لیڈر والا لفظ کہاں استعمال ہوا ہے؟ کیا پارلیمنٹری پارٹی کی جگہ پارلیمانی لیڈر کا لفظ محض غلطی تھی؟ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آئین کیا کہتا ہے کہ کس کی ہدایات پر ووٹ دیا جائے، کیا پارلیمنٹری پارٹی، پارٹی سربراہ سے الگ ہے؟ علی ظفر نے اس موقع پر موقف اپنایا کہ 2002 میں سیاسی جماعتوں کے قانون میں پارلیمانی پارٹی کا ذکر ہوا، آئین کے مطابق ووٹ کی ہدایات پارلیمنٹری پارٹی دیتی ہے، پارلیمانی جماعت اور پارٹی لیڈر دو الگ الگ چیزیں ہیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ایک موقع پر ریمارکس دیئے کہ آئین کے تحت پارٹی سربراہ پارلیمانی پارٹی کے فیصلے پر عملدرآمد کراتا ہے، اٹھارہویں اور اکیسویں ترامیم کے کیسز میں آرٹیکل 63 کی شقوں کا سطحی جائزہ لیا گیا، آرٹیکل 63 اے کے حوالے سے پارٹی لیڈر کا معاملہ ماضی میں کبھی تفصیل سے نہیں دیکھا گیا۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان اس موقع پر روسٹرم پرآئے اور کہا کہ وہ عدالت کی خدمت میں چند گزارشات پیش کرنا چاہتے ہیں، جس پر جسٹس منیب اختر نے پوچھا کیا وفاقی حکومت حکمران اتحاد کے فیصلے سے الگ ہوگئی ہے؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ وہ آرٹیکل 27 اے کے تحت عدالت کی معاونت کرنا چاہتے ہیں، چیف جسٹس نے اس موقع پر ریمارکس دیئے کہ فیصلے میں کوئی غلطی نہ ہو جائے اس لئے سب کو معاونت کی کھلی دعوت ہے۔ پی ٹی آئی کے وکیل امتیاز صدیقی نے اپنے دلائل میں مؤقف اپنایا کہ پارٹی سربراہ کی ہدایات بروقت آنی چا ہئیں، ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ مجھے چوہدری شجاعت کا خط موصول ہوا۔ چیف جسٹس نے اس موقع پر ریمارکس دیئے کہ چوہدری شجاعت کے وکیل نے کہا خط ارکان کو بھیجا گیا، دوسرے فریق سن رہے ہیں لیکن کارروائی میں حصہ نہیں لے رہے، اس وقت انکی حیثیت ایسے ہی ہے جیسے اقوام متحدہ میں مبصر ممالک کی ہوتی ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے پوچھا کیا ووٹنگ سے پہلے خط پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پڑھا گیا۔ سوال یہ بھی ہے کہ خط پولنگ سے پہلے پارلیمنٹری پارٹی کے سامنے پڑھا گیا تھا یا نہیں، دیکھنا ہوگا کہ کیا عدالتی فیصلے کو ٹھیک سے پڑھا گیا یا نہیں۔ جسٹس اعجازالاحسن نے فاروق ایچ نائیک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا نائیک صاحب اگر کچھ بہتری آ سکتی ہے تو عدالت سننے کیلئے تیار ہے، فاروق نائیک نے مؤقف اپنایا کہ مسئلہ یہ ہے کہ ان مقدمات میں ہم پارٹی پالیسی کے پابند ہوتے ہیں۔ وکیل پی ٹی آئی احمد اویس نے اپنے دلائل میں عدالت سے گزارش کی کہ عدالت فیصلے سے قبل کچھ باتیں سامنے رکھے، تین ماہ سے وزیر اعلیٰ پنجاب کا معاملہ زیر بحث تھا، ق لیگ کے تمام ارکان کو علم تھا کہ کس کو ووٹ دینا ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے سوال کیا کہ کتنے منحرف ارکان نے ضمنی الیکشن میں حصہ لیا؟ جس پر وکیل فیصل چوہدری نے بتایا کہ بیس میں سے 16 نے ن لیگ، دو نے آزاد الیکشن لڑا، جن 18 نے الیکشن لڑا ان میں سے 17 کو شکست ہوئی۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے اس موقع پر ریمارکس دیئے کہ فریق دفاع کے مطابق منحرف ارکان کے کیس میں ہدایات پارٹی ہیڈ عمران خان نے دیں، فریق دفاع کا کہنا ہے الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم ہوا تو 25 ارکان بحال ہو جائیں گے، فریق دفاع کا کہنا ہے اپیل منظور ہونے سے حمزہ شہباز کے ووٹ 197 ہو جائیں گے، الیکشن کمیشن کے فیصلہ کے بعد بہت ساری پیشرفت ہو چکی ہے۔ علی ظفر نے اس موقع پر مؤقف اپنایا کہ وزارت اعلیٰ کے الیکشن پر ہائیکورٹ کا فیصلہ آ چکا ہے، الیکشن کمیشن کا فیصلہ پاسٹ اینڈ کلوز ٹرانزیکشن ہو چکی ہے، یکم جولائی کو سپریم کورٹ نے وزارت اعلیٰ کے الیکشن پر متفقہ فیصلہ دیا، رضامندی دیتے وقت حمزہ شہباز عدالت میں موجود تھے، وزیراعلیٰ اور ڈپٹی اسپیکر کے وکلاء میرٹ پر عدالتی سوالات کے جوابات نہیں دے سکے، پارٹی سربراہ پارلیمانی پارٹی کو ہدایات دے سکتا ہے لیکن ڈکٹیٹ نہیں کر سکتا، ووٹ کا فیصلہ پارلیمانی پارٹی نے کرنا ہے، ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کا ذکر نہیں۔ ڈپٹی اسپیکر نے رولنگ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق نہیں دی، ڈپٹی اسپیکر الیکشن کمیشن کے فیصلے کا پابند بھی نہیں ہے، کوئی قانون سپریم کورٹ کو الیکشن کمیشن کے فیصلے کا پابند نہیں بناتا، اصولی طور پر منحرف ارکان کی اپیلوں کو پہلے سننے کا اعتراض نہیں بنتا، حمزہ شہباز نے سپریم کورٹ میں بیان دیا، حمزہ شہباز نے ضمنی الیکشن پر کوئی اعتراض نہیں کیا، اب ضمنی الیکشن پر اعتراض کیسے کر سکتے ہیں، حمزہ شہباز نے کہا کہ ضمنی الیکشن کے نتائج پر رن آف الیکشن منظور ہے۔ آخر میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے اپنے دلائل میں موقف اپنایا کہ 2015 کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق پارٹی سربراہ ہدایت دے سکتا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے پر جب تک نظرثانی نہ ہو اس پر عملدرآمد لازمی ہے، جسٹس منیب اختر نے اس موقع پر ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ کے ہر فیصلے پر عملدرآمد لازمی نہیں، جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے موقف اپنایا کہ فیصلے موجود ہیں کہ سپریم کورٹ کے فیصلے ہر عدالت کیلئے بائنڈنگ ہیں، جس پر جسٹس منیب اختر نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی دلیل عجیب و غریب ہے، وہاں اس کیس میں تو ووٹنگ کا سوال ہی نہیں تھا۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔