لندن (مرتضیٰ علی شاہ) ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے پارٹی کی سینئر قیادت سے مرکز میں حکومت چھوڑنے اور قبل از وقت انتخابات کے آپشن پر بات کی ہے، نواز شریف وزیراعظم شہباز شریف سمیت پارٹی کے اعلیٰ رہنماؤں اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سے بھی کئی بار اس پر بات کر چکے ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ نواز شریف نے مشورہ دیا کہ حکومت میں مزید رہنا مسائل کو حل کرنے کے بجائے مزید مسائل پیدا کرنے کا عندیہ دے رہا ہے جبکہ حکومت کو تمام ریاستی اداروں سے حقیقی حمایت حاصل ہونی چاہیے تھی۔
ذرائع کے مطابق آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان سمیت پی ڈی ایم کے رہنماؤں نے اب تک حکومت چھوڑنے کے خیال کی مخالفت کی ہے لیکن پرویز الٰہی کو پنجاب کا وزیراعلیٰ بنانے کے سپریم کورٹ کے فیصلے سے اس کے امکان دکھائی دے رہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف نے اپنی پارٹی رہنماؤں کو بتایا ہے کہ عمران خان کی عدم اعتماد کے ووٹ میں برطرفی کے بعد شہباز شریف کی حکومت کے لیے شروع ہی سے رکاوٹیں کھڑی کی گئی تھیں۔