پشاور (لیڈی رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) اور مسلم ڈاکٹرز فورم کے زیر اہتمام سپریم کورٹ کے فیصلے کے حوالے سے پشاور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت مسلم لیگ (ن) کی صوبائی نائب صدر شا زیہ اورنگزیب کر رہی تھیں۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر ان کے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے شازیہ اورنگزیب نے کہا کہ عمران نیازی نے ایک نام نہاد خط لہرایا اور ایک خط وہ ہے جو پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر نے پڑھا اور رولنگ کا حصہ بنایا ایک لاڈلے کیلئے پاکستان کی معیشت اور اداروں کو داؤ پر لگایا جا رہا ہے پاکستان تحریک فساد تو کوئی تاریخ نہیں بنا سکی لیکن افسوس کہ عدلیہ کا یہ فیصلہ ضرور تاریخ کاحصہ بنے گا یہ ایک انٹرنیشنل سازش ہے جس میں عمران نیازی لاڈلے کو پروموٹ کیا جا رہا ہے۔ ایک ایسا شخص جس نے پاکستان کی معیشت کو ڈبو دیا جس نے آئی ایم ایف سے ایسے معاہدے کئے جس سے پاکستان میں غربت‘ مہنگائی اور مایوسی پروان چڑھی اور پاکستان کی سیاست کو داؤ پر لگادیا گیا پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا سیاسی طور پر ایک ناکام شخص جس کو بھاگنے کا بھی راستہ نہیں مل رہا تھا ایک ہاری ہوئی نا اہل اور نالائق ٹیم اسکو کس نے سہارا دیا اس کو اٹھانے میں کون کندھے دے رہے ہیں کون اس کو سیاست کے میدان میں کھڑا کر دیا ہے اور کس مقصد کیلئے پری پول ریگنگ کی جارہی ہے جس میں لاڈلے کے لئے ایک ماحول بنایا جا رہا ہے کہ اسکے حق میں فیصلے ہو رہے ہیں اسکے لئے بند راستے کھولے جا رہے ہیں یہ راستے تو لاڈلے نے خود بند کئے ہیں اپنی سیاسی نا بلوغت کی وجہ سے اپنے غلط فیصلوں سے مہنگائی کی وجہ ہے لہذا پاکستان کی عوام کیساتھ اور جمہوریت کیساتھ مزاق بند کیا جائے۔