پشاور (خصوصی نامہ نگار)خیبر پختونخوا میں ہیپاٹائٹس کا عالمی دن مریضوں اور لوگوں میں آگاہی پھیلانے کے عزم کے ساتھ منایا گیا اس حوالے سے مختلف ہسپتالوں میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا جن میں ڈاکٹروں، عملے اور مریضوں نے شرکت کی۔ میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور میں دن کی مناسبت سے گیسٹرو ڈیپارٹمنٹ اور انٹیگریٹڈ ایچ آئی وی، ہیپاٹائٹس اور تھیلیسیمیا کنٹرول پروگرام کے زیر اہتمام تقریب کا اہتمام کیا گیا اس موقع پر واک بھی نکالی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد الطاف نے کہا کہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور گزشتہ کئی سالوں سے یرقان کا مفت علاج فراہم کر رہا ہے جس میں تشخیص سے لے کر ادویات کی فراہمی تک سہولیات شامل ہیں، 2017سے اب تک 800سے زائد مریض رجسٹر کئے گئے ہیں جن کو تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ اور یہ اب بھی سلسلہ جاری ہے۔ ڈاکٹرعمران اللہ، رجسٹرار گیسٹرو ڈاکٹر محمد شعیب، پراجیکٹ ڈایئریکٹرانٹیگریٹڈ ایچ آئی وی، ہیپاٹائٹس اور تھیلیسیمیا کنٹرول پروگرام خیبر پختونخواڈاکٹر اصغر جدون نے بھی خطاب کیا۔ اصغر جدون نے کہا کہ علاج سے زیادہ بچاؤ پر زور دینے کی ضرورت ہے، حکومت خیبر پختونخوا تمام تر وسائل بروئے کار لا کر ہر ضلع میں اس بارے آگاہی دے رہی ہے۔ مقررین نے حجامت کے لئے نیا بلیڈ استعمال کرنے، منشیات گریز، جنسی تعلقات میں احتیاط برتنے، نئی سرنج کے استعمال کرنے، فوری تشخیص کے لئے ڈاکٹر سے رجوع کرنے پر زور دیااورکہا کہ متاثرہ خون لگنے اور جراثیم زدہ آلات جراحی کا استعمال بھی یرقان کا سبب بنتے ہیں، عوام کے ساتھ ساتھ صحت سہولیات فراہم کرنے والے اداروں کو بھی احتیاط سے کام لینا ہوگا۔