• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے شہریوں کے لیے اب بارش بھی خوشیاں لانے کے بہ جائے موت کاسبب بن رہی ہے۔ کراچی میں سال بھر مون سون کی بارشوں کا انتظار رہتا تھا اور لوگ بارش سے لطف اندوز ہوتے تھے، لیکن گزشتہ ایک دہائی سے یہ بارشیں بھی کراچی کے شہریوں کے لیے اذیت بن گئی ہیں،شہر میں بارشوں کے باعث دیواریں اور چھتیں گرنے، روڈ پر پڑنے والے گڑھوں کے باعث ٹریفک حادثات،نالوں میں ڈوبنے اور کرنٹ لگنے سے اب تک درجنوں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ 

نارتھ ناظم آباد شادمان ٹاون 14-A میں سیلابی ریلے میں موٹر سائیکل سوار بیوی ،بیٹی اور دو ماہ کے بیٹے سمیت نالے میں جاگرا، شوہر تو نالے سے باہر نکل آیا، تاہم بیوی ،بیٹا اور بیٹی بہہ گئے ، نالے میں بہہ جانے والے 2 ماہ کے بچے کی لاش تاحال نہیں مل سکی ہے،انتظامیہ نے ریسکیو آپریشن روکا، تو مکینوں نے احتجاج شروع کر دیا، مظاہرین نے شادمان سےانڈا موڑ جانے والی سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا۔

پولیس کے مطابق بارش کے دوران موٹر سائیکل سوار دانش بیوی ثمن، بیٹی زوہا اور 2 ماہ کے بیٹے اذلان کے ہمراہ قلندریہ چوک سے گزر رہا تھا کہ شادمان نالے میں گر گیا۔ سرجانی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر51 میں الاانس اسپتال کے قریب تالاب میں کمسن بچے کے ڈوبنے کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیوٹیم موقع پر پہنچ گئی اور تالاب سے 6 سالہ احدعلی ولد محمد حسن کی لاش کو نکال کر عباسی اسپتال پہنچایا، پولیس کے مطابق متوفی اس ہی علاقے کا رہا ئشی تھا اور بارش کے دوران خالی گڑھے میں جمع ہونے والے پانی کے تالاب میں نہا رہا تھا کہ ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ موچکو کے علاقے نادرن بائی پاس لکی چڑھائی کونگ گوٹھ میں بارشوں کے پانی سے گڑھے میں بنے والے تالاب میں ڈوب کر 15سالہ لڑکی جاں بحق ہوگئی ، متوفیہ کی شناخت سکینہ دختر علی مراد کے نام سے کی گئی۔

دوسری جانب شاہ فیصل ندی میں 12 سالہ عبدالرحمان ولد شاہد ڈوب گیا ، اطلاع ملنے پر پولیس اور فلاحی ادارے کے رضا کار موقع پر پہنچے اور بچے کو ڈھونڈنے کی کوشش کی ۔ تاہم بعد ازاں لڑکے کی لاش نکال لی گئی۔ بلدیہ رئیس گوٹھ حب ندی میں خاتون 30 سالہ فائزہ زوجہ عبدالرحمان اور ان کا بھتیجے 5 سالہ عبداللہ ڈوب کر جاں بحق ہو گئے،کلفٹن ضیاء الدین اسپتال کے قریب برساتی نالے میں نوجوان کے گرنے کی اطلاع پر پولیس اور ایدھی کے رضاکار موقع پر پہنچ گئے اور ایدھی کے رضاکاروں نے برساتی نالے سے 17سالہ نوجوان کی لاش کو نکال کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ متوفی کی شناخت بلال ولد عطاء الرحمن کے نام سے کی گئی۔ چاکیواڑہ کے علاقے لیاری بہارکالونی الفلاح روڈگلی نمبر2میں فلیٹ میں کرنٹ لگنے سے 35سالہ رحمن ولد عثمان اور اس کی 10سالہ بیٹی حفیظہ جاں بحق ہوگئی ، دونوں باپ بیٹی کی لاشیں سول اسپتال پہنچائی گئی۔ 

کلاکوٹ تھانے کے علاقے لیاری ٹینڈری روڈ پر بجلی گھمبے سے کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا،متوفی کی شناخت 60 سالہ سلامت ولد اللہ رکھا کے نام سے کی گئی، متوفی سلاٹر ہاؤس بغدادی کا رہائشی تھا، ایس ایچ او کلاکوٹ عبدالغفار کورائی نے بتایا کہ کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والا شخص سڑک پر بارش کا پانی جمع ہونے کی وجہ سے کنارے پر چل رہا تھا کہ اسی دوران انھوں نے بجلی کے گھمبے کوہاتھ لگایا تو گھمبے میں کرنٹ پھیلے ہوئے کی وجہ سے کرنٹ لگ گیا اوروہ موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ 

نیو کراچی صنعتی ایریا کے علاقے سیکٹر 16 بی میں قائم پلاسٹک فیکٹری میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی، جہاں متوفی کی شناخت 35 سالہ ذوالفقار کے نام سے کی گئی ،سائٹ ایریا الفتح کالونی برف ڈپو کے قریب گھر میں کرنٹ لگنے سے ایک بچہ جاں بحق ہوگیا۔ بلدیہ ٹاؤن قائم خانی محلہ میں بن قاسم مدرسہ کے قریب کرنٹ لگنے سے 35 سالہ ارشد جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں ںے سول اسپتال پہنچائی۔ 

لیاقت آباد B1 ایریا دودھ والی گلی کے قریب واقع گھر میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ بغدادی تھانے کی حدود لیاری بغدادی بے نظیر بیکری کنگ برگر والے کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، متوفی کی شناخت 25سالہ سلیم ولد غلام حسین کے نام سےہوئی ۔ تیموریہ تھانے کی حود اقبال گاررڈن سیکٹر 15 اے میں کرنٹ لگنے سے ایک معمر شخص کی حالت غیر ہوگئی 60 سالہ نوید ولد مسعود کو عباسئی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جاری ہے ۔ڈیفنس کے علاقے قیوم آباد بی ایریا میں ایک ہوٹل کے باہر کرنٹ لگنے سے 14سالہ اکمل ولد خداداد جاں بحق ہوگیا،متوفی ہوٹل کا ملازم تھا، ہوٹل کے اندر کام کے دوران کرنٹ لگ گیا تھا۔ 

تاہم پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثاءکے حوالے کردی ۔ نیو کراچی صنعتی ایریا کے علاقے نیو کراچی ایوب گوٹھ شہدائے مسجد کے قریب گودام میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے ایک مزدور جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش کو عباسی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں متوفی کی شناخت 22سالہ رشید ولد خادم کے نام سے ہوئی۔ پی آئی بی تھانے کی حدود پُرانی سبزی منڈی ٹوٹل پمپ کے قریب بجلی کے پول سے کرنٹ لگنے سےایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

سعیدآباد کے علاقے بلدیہ ٹاؤن سیکٹر 19/Dمسکین شاہ محلہ بلال مسجد کے قریب گھر میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، سائٹ اے تھانے کے علاقے حبیب بینک چورنگی کے قریب ڈائننگ کمپنی میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے ایک محنت کش جاں بحق ہوگیا،متوفی کی شناخت 25 سالہ وقارولد دیدارکے نام سے کی گئی۔ گلستان جوہر تھانے کی حدودو گلستان جوہر بلاک 9 گل چوک کے قرقیب واقع عمارت کی چھت سے گر کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جس کی شناخت34 سالہ وقاص ولد شاہد کے نام سے ہوئی،موچکو تھانے کی حدود بلدیہ گلشن غازی سندھی محلے میں زیر تعمیر مکان کی چھت گرنے سے ایک مزدور 36 سالہ خالد محمد زخمی ہوگیا، جسے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

کورنگی انڈسٹریل ایریا کے علاقے میں ویٹا چورنگی کے قریب ملنگی ہوٹل کے سامنے راہ گیرنوجوان سڑک پار کررہا تھا کہ اس نے کے الیکٹرک کے کھمبے پر ہاتھ رکھ دیا اور کرنٹ لگنے کے باعث موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا ، اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیوٹیم موقع پر پہنچ گئی اور متوفی کی لاش کو تحویل میں لیکر جناح اسپتال پہنچایا ،پولیس کے مطابق متوفی کورنگی بلال کالونی کارہائشی تھا۔ 

شاہراہ نور جہاں تھانے کی حدود نارتھ ناظم آباد سخی حسن قلندریہ چوک کے قریب فٹ پاٹھ پر چلتے ہوئے دو افراد نالے میں گر گئے، ایدھی رضا کاروں نے نالے سے دونوں افراد کو نیم بہوشی کی حالت میں عباسی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے معائنہ کے بعد ایک شخص کی موت کی تصدیق کردی، متوفی کی شناخت 32 سالہ جنید اور زخمی 36 سالہ قاسم ولد عبدالقادر کے نام سے ہوئی ، پولیس کے مطابق دونوں افراد نالے پر قائم فٹ پاتھ پر پیدل جارہے تھے کہ اچانک نالے کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص کے سر پر گہری چوٹ آنے سے جانبر نہ ہوسکا ، پولیس نے بتایا کہ متوفی اور زخمی نارتھ ناظم آباد کے رہائشی تھا۔ 

شاہراہ نور جہاں سے سخی حسن جانے والی شاہراہ پر ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا، جنہیں عباسی اسپتال منتقل کیا گیا۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت فوری طور پر نہیں ہوسکی ، جس کی عمر 25 سال کے قریب ہے، جب کہ شدید زخمی ہونےو الے 24 سالہ قاسم ولد یامین کو طبہی امداد دی جارہی ہے، جس کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ 

سرسید تھانے کی حدود نارتھ کراچی یو پی موڑ کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق ہوگیا، متوفی کی شناخت 50 سالہ جاوید اختر ولد اقبال احمد کے نام سے ہوئی۔ کریم آباد پُل ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار زخمی ہوگیا ، جیسے ایمبولنس کے ذریعے عباسی اسپتال منتقل کیا گیا ، جہاں پر دوارن علاج وہ دم توڑ گیا۔ یہ گزشتہ 10 روز کے واقعات ہیں، جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ شہر میں بارش کے حادثات میں کتنے شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

جرم و سزا سے مزید
جرم و سزا سے مزید