کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ گالم گلوچ اور مفادات کی سیاست نے ملک تباہ کر دیا۔ مہنگائی، بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ سے عوام پریشان ہیں۔ مافیاز، جاگیرداروں اور وڈیروں نے وسائل سے مالا مال پاکستان کو یرغمال بنا دیا۔ کراچی کے ساتھ کسی حکومت نے وعدے پورے نہیں کیے۔ اس مہینے پنجاب کی سیاست میں سینکڑوں کے حساب سے حلف برداریاں ہوئیں۔ ن لیگ اورپی پی کے بعد تحریک انصاف بھی سٹیٹس کو کی محافظ ثابت ہوئی، تینوں بڑی جماعتیں مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہو گئیں۔ حقیقت یہ ہے کہ یہ تینوں بڑی جماعتیں ایک ہی سسٹم کے پرزے ہیں۔ حکمران سٹیٹس کو بحال رکھنا چاہتے ہیں، عوام کی کوئی بات نہیں کرتا۔ ملک کے 35سال جرنیلوں نے اور بقیہ نام نہاد جمہوریتوں کی نذر ہو گئے۔ عوام کے ساتھ سات دہائیوں سے کھلواڑ جاری ہے۔