• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم ایک ماہ کے اندر ہمارے خدشات دور کریں‘ ن لیگ کوئٹہ

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء سابق ڈسٹرکٹ ناظم و میئر کوئٹہ محمد رحیم کاکڑ نے کہا ہے کہ مرکزی قیادت پارٹی کو بچانے کیلئے مخلص ساتھیوں کو ساتھ لےکر ان کی رائے کے مطابق چلے، بصورت دیگر بلوچستان کے33اضلاع کے کارکنوں کااجلاس طلب کرکے آئندہ کیلئے لائحہ عمل طے کریں گے،یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے کہی ، اس موقع پر پارٹی رہنما و کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ،انہوں نے پارٹی کی مرکزی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنا تے ہوئے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے قوم و مذہب پرست جماعتوں کو گود لے لیا ہے ، انہوں نے جس طرح قوم پرستوں اور مذہب پرستوں کو گود لیا ہے اس طرح پارٹی کے کارکنوں کا بھی خیال کریں ،پارٹی کی مرکزی قیادت اگر اپنا قبلہ درست کرے تو ہم اپنی جان بھی پارٹی پر قربان کردیں گے ، وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور سیکرٹری جنرل احسن اقبال بلوچستان میں اگر پارٹی کو بچانا چاہتے ہیں تو ایک ماہ کے اندر ملاقات کا وقت دیں اور ہمارے خدشات دور کریں ۔ انہوں نے کہا کہ جس دور میں بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) کا نام لینا بھی گناہ سمجھا جاتا تھا تب ہم نے پارٹی کا پرچم بلند کیا ، 2014میں بھی مسلم لیگ (ن) نے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیا اور پھر مئیر شپ ایک قوم پرست جماعت کو دے دی گئی اب بھی مذہب پرستوں اور قوم پرستوں میں نوکریاں اور وسائل بانٹے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کے دورہ بلوچستان کے بارے میں صوبائی صدر جمال شاہ تک کو خبر نہیں دی گئی جبکہ اس سے پہلے وزیراعظم کے گوادر کے دورے پر کارکنوں کو آگے نہیں آنے دیا گیا ، انہوں نے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور مریم نواز سے مطالبہ کیا کہ وہ بلوچستان میں پارٹی کو ٹوٹنے سے بچانے کے لئے اپنا کردار ادار کریں ، انہوں نے سیلاب کی تباہ کاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسلام آباد سے کوئٹہ آکر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائیں ۔
کوئٹہ سے مزید