اسلام آباد (این این آئی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے الیکشن کمیشن کے پی ٹی آئی ممنوعنہ فنڈنگ کیس کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایسا فیصلہ ہے کہ جس سے ملک میں کوئی بحران پیدا نہیں ہوگا‘سپریم کورٹ پہلی ہی سماعت میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ اڑا دے گی۔شیخ رشید نے کہا کہ اب وہ وقت نہیں ہے کہ ماضی کی طرح سیاسی جماعتوں پر پابندی لگائی جائے‘عوام فیصلے کرنے کا اختیار اپنے ہاتھوں میں لے سکتے ہیں‘سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ میں اللّٰہ کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ نواز شریف نے اسامہ بن لادن سے پیسے لیے‘حکومت اور اس کے اتحادیوں کی سیاسی ساکھ راکھ بن گئی ہے۔ ایسے حالات میں جب ملک بد ترین معاشی حالات کا شکار ہے، پڑوسی ملک کے حالات خراب ہیں، ایسے میں ملک کے مقبول رہنما سے پنگا لینا ملک کی خدمت نہیں ہے۔