لاہور(نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلہ سے پی ٹی آئی بے نقاب ہو گئی اور اس کا ’صاف چلی شفاف چلی‘ کا بیانیہ بھی ٹھس ہو گیا۔ آٹھ برس تک اس سیدھے کیس کو لٹکانے کی وجہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ الیکشن کمیشن یہ فیصلہ بروقت کرتا تو پی ٹی آئی 2018ء میں اقتدار میں نہ آتی۔ وہ کوئٹہ پریس کلب کے زیر اہتمام پروگرام ”حال احوال“ میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ امیر جماعت نے اس موقع پر بلوچستان میں ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہونے والے فوجی افسران اور جوانوں کے لیے دعائے مغفرت کی اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔