کراچی (نیوز ڈیسک) سابق گورنر سندھ اور ترجمان مریم نواز محمد زبیر کا کہنا ہے کہ ہمارے ابھی اسٹیبلشمنٹ سے اچھے تعلقات ہیں ، ن لیگ کے سربراہ نواز شریف چند ہفتوں میں پاکستان واپس آجائیں گے، محمد زبیر نے کہا کہ آئندہ آنے والے دنوں میں ’ڈالر کی ویلیو اس سے بھی نیچے آئے گی ۔
ایک انٹرویو میں محمد زبیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے واپس آنے پر سب کو معلوم ہوجائے گا کہ وہ ابھی بھی کتنے مقبول ہیں اور کتنے لوگ انہیں چاہتے ہیں۔
محمد زبیر کا کہنا تھا پاکستان میں لاکھوں کروڑوں لوگ چاہتے ہیں کہ نواز شریف وطن واپس آکر عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ نواز کی قیادت کریں۔
محمد زبیر کا کہنا تھا کہ جب ہماری حکومت آئی تو ہمیں کئی چیلنجز درپیش تھے، ڈالرز کی کمی اور معاشی آبلیگیشنز میٹ کرنی تھی۔
’آئی ایم ایف کا پروگرام رکا ہوا تھا، تو جب آئی ایم ایف کا پروگرام رکا ہو تو تمام ڈالرز لینے کے ذرائع رک جاتے ہیں۔ اس وجہ سے ہم نے بڑا مشکل وقت گزارا اور آئی ایم ایف کی تمام شرائط بات چیت کے ذریعے سے پوری کرنی تھی۔