پشاور(وقائع نگار)ڈپٹی کمشنرپشاور شفیع اللہ خان نے سپریم کمانڈ پوسٹ اور پشاور کے مختلف علاقوں میں محرم الحرام کے جلوسوں کے راستوں کا دورہ کر تے ہوئے سکیورٹی صورتحال اورانتظامات کا جا ئزہ لیا۔ انہوں نے سپریم کمانڈ پوسٹ کوہاٹی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احتشام الحق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) محمد عمران خان، اسسٹنٹ کمشنر عبید ڈوگر، میئر پشاور سٹی میٹرو پولیٹن حاجی زبیر علی، ایس پی سٹی سید عتیق شاہ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر تحریم شاہ، ڈائریکٹر ایسٹ ون سید وقاص علی شاہ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ سپریم کمانڈ پوسٹ میں ڈپٹی کمشنر پشاور کو سکیورٹی کے حوالے سے بریفنگ دی اور ان کو محرم الحرام کے لیے کیے گئے اقدامات کے بارے میں بتایاگیا۔ بعدازاں انہوں نے پشاور کے مختلف علاقوں میں محرم الحرام کے جلوسوں کے راستوں کا دورہ کر تے ہوئے محرم الحرام کے جلوسوں کے لیے کئے گئے اقدامات اور سکیورٹی کا جا ئزہ لیا۔سپریم کمانڈ پوسٹ میں ڈپٹی کمشنر پشاور نے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے مزید اقدامات کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔ انھوں نے سپریم کمانڈ پوسٹ میں تمام ضروری سہولیات مہیا کر نے کے احکامات جاری کیے۔ سپریم کمانڈ پوسٹ میں ضلعی انتظامیہ، آرمی، پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر محکموں کے افسران چوبیس گھنٹے ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے پشاور کے تمام علاقوں میں جلوسوں کی مانیٹرنگ کی جا تی ہے۔