• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

قومی شاہراہ پر بھتہ لینے والے پولیس اہلکاروں پر مقدمہ

سکھر میں ایس ایس پی سکھر سنگھار ملک نے ایک اعلی سطحی پولیس اجلاس کی منعقد کیا،جس میں ضلع کے تمام پولیس افسران خاص طور پر تھانہ انچارجز کو سختی سے یہ احکامات دیے گئے کہ وہ اپنے تھانوں کی حدود میں ڈاکوؤں، جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں اور معاشرتی برائیوں میں ملوث لوگوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کریں اور اپنی کارکردگی رپورٹ سے آگاہ کریں ۔ کچے کے علاقے شاہ بیلو میں جاری آپریشن کو بھی آئندہ چند روز میں مزید تیز کیا جارہا ہے ، پولیس چوکیوں کی تعداد میں اضافے کے ساتھ پولیس کمانڈوز کی تعداد بھی کچے کے علاقے شاہ بیلو میں بڑھائی جارہی ہے، ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ 

ایس ایس پی سکھر کے مطابق سکھر میں تعیناتی کے بعد میری پہلی ترجیح امن و امان کی فضاء کو مکمل طور پر بحال رکھنا، اسٹریٹ کرائم، منشیات معاشرتی برائیوں کا خاتمہ ہے، جس میں مختصرعرصے کے دوران پولیس نے بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ضلع بھر میں پولیس کی جانب سے روپوش اور اشتہاری ملزمان کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا گیا ہے اور کئی سوملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے ، جب کہ ضلع بھر میں محمکہ پولیس کے اندر بھی ایسے افسران اور اہل کاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے، جو شہریوں کو بلاجواز پریشان کرنے اور بھتہ خوری میں ملوث ہیں۔ 

عوامی شکایات اور پولیس کی اپنی خفیہ رپورٹ پر کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ قومی شاہ راہ کے ساتھ تھانہ جھانگڑو پر تعینات پولیس اہل کاروں کو بھتہ لینے پر معطل کیا گیا اور ان کے خلاف بھتہ خوری کا مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا ہے ۔ ایس ایس پی کے مطابق 4 پولیس اہل کاروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے، یہ پولیس اہل کار روہڑی ٹول پلازہ کے نزدیک آنے جانے والی مسافر گاڑیوں سے بھتہ لیتے تھے۔ 

جس کا نوٹس لیتے ہوئے ان اہل کاروں کو گرفتار کرواکر جیل بھیج دیا گیا ہے اور ضلع بھر کے تھانہ انچارج و پولیس افسران پر واضح کیا گیا ہے کہ اس طرح کے کسی عمل کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پولیس کی جانب سے ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاون جاری ہے، جس میں پولیس کو اپنی بہتر حکمت عملی کے تحت بڑی کام یابیاں ملی ہیں، چوری کیا گیا اور لُوٹا گیا دو کڑور روپے سے زائد کا مسروقہ سامان مال مویشی اور نقدی برآمد کرکے اصل مالکان کے حوالے کی گئی۔‘‘

ایس ایس پی، ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن سے لےکر معاشرتی برائیوں کے خلاف تک کی جانے والی کارروائیوں کی خود نگرانی اور سربراہی کرتے دکھائی دیتے ہیں، اچانک بغیر بتائے دن یا رات میں کسی پرائیوٹ چھوٹی گاڑی یا موٹر سائیکل پر کسی تھانے پولیس چوکی پر اچانک پہنچ جاتے ہیں، جس کے باعث پولیس افسران اور تھانہ انچارجز ہمہ وقت الرٹ رہتے ہیں اور کوئی بلاجواز اور بےگناہ شخص تھانے میں یا لاکپ میں دکھائی نہیں دیتا ، تاجروں اور مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام اور دیگر شخصیات سے بھی مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے پولیس کی بہتر کارکردگی اور عوام دوست پولیسنگ کے کوشش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ 

ایس ایس پی سکھر کے مطابق سکھر پولیس نے کم وقت میں زیادہ کام یابیاں حاصل کیں اور ہم اس کو مزید بہتر کرنے میں مصروف عمل ہیں، چند ماہ میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان 82 سے زائد مقابلے ہوئے، جن میں پولیس نے 4 بدنام زمانہ ڈاکوؤں کو جو کہ اغواء برائے تاوان اور دیگر سنگین مقدمات میں سکھر کراچی سمیت دیگر اضلاع کی پولیس کو مطلوب تھے، وہ ڈاکو مارے گئے۔ 23 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا گیا۔ 

پولیس مقابلوں کے دوران مختلف سنگین نوعیت کے متعدد مقدمات میں مطلوب 206 خطرناک ڈاکوؤں کو گرفتار بھی کیا گیا، اغوا برائے تاوان کی کوشش ناکام بناتے ہوئے کچے میں ٹارگیٹڈ پولیس مقابلے اور بہتر حکمت عملی کے تحت ڈاکوؤں کے چنگل میں پھنسے 5 مغویوں کو بھی باحفاظت بازیاب کروایا گیا، پولیس نے مختلف جرائم ڈکیتی چوری اغوا برائے تاوان میں ملوث 16 ڈاکوؤں کے گروہوں کا خاتمہ کیا، جن سے بڑی تعداد میں اسلحہ سمیت چوری شدہ مسروقہ مال برآمد کرکے اصل مالکان کے حوالے کیا گیا۔

پولیس کی جانب سے سکھر ضلع کے تمام تھانوں کی حدود میں روپوش اور اشتہاریوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر مہم جارہی ہے اور تمام افسران کو یہ ہدایات ہیں کہ وہ پولیس کو مطلوب اور روپوش ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنائیں جس میں پولیس نے مختلف علاقوں میں کاروائیاں کرتے ہوئے متعدد مقدمات میں مطلوب 236 سے زائد اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا اور انہیں عدالتی کارروائی کے بعد جیل بھیج دیا گیا۔ 457 مفرور ملزمان بھی گرفتار ہوئے، جو سکھر پولیس کو قتل ارادہ قتل ڈکیتی چوری نقب زنی و دیگر وارداتوں میں مطلوب تھے ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے 12 سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ 

آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی جانب سے دیے گئے احکامات کی روشنی میں ڈاکوؤں جرائم پیشہ عناصر منشیات فروشوں اور معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لیے شروع کی جانے والی مہم کے ساتھ نیلی بتی ، کالے شیشوں فینسی نمبر پلیٹ سائرن لگی پرائیوٹ گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 120 گاڑیوں کا چالان کیا گیا۔ 340 سے زائد گاڑیوں کی فینسی نمبر پلیٹس، گلاسس، گلوبس ہوٹر اتارے گئے، جب کہ بغیر رجسٹریشن کے 45 موٹر سائیکلوں کا چالان کیا گیا۔ پولیس نے مختلف کاروائیوں کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ جس میں 3 کلاشنکوف 3 رائفل 15 بندوقیں 2 ریوالور 83 پسٹل 476 گولیاں 39 کارتوس برآمد کیے۔ 

پولیس نے 234 جواری 140 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 294 کلو 379 گرام چرس، 16 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 115 کلو 700 گرام بھنگ اور 57 گرام ہیرؤن برآمد کرکے تین ملزمان گرفتار کیا گیا، جب کہ پولیس نے شراب کی بڑی ڈلیوری کو ناکام بناتے ہوئے 576 بوتلیں شراب اور 200 کچی شراب کے ڈرم برآمد کرکے 33 ملزمان کو گرفتار کیا، نشہ آور مصنوعات پان پراگ گٹکا اور دیگر مضر صحت اشیاء کی خرید فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کام یاب کریک ڈاون کیے گئے، جس کے دوران نشہ آور چھالیہ کے 13 ہزار 500 پیکٹ برآمد کیے گئے، جن کا وزن 8110 کلو ہے اور اس گھناونے دھندے میں ملوث 200 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

مختلف علاقوں میں منشیات فروشوں کے 24 گینگ کا خاتمہ کرکے ان میں شامل ملزمان کو گرفتار کیا، پولیس نے مختلف کاروائیوں میں مسروقہ مال مویشی برآمد کئے، جن میں 15 بکریاں 17 گائیں 70 بھینس بھی برآمد کی گئی جو مختلف تھانوں کی حدود سے چوری کی گئی تھیں۔ پولیس نے گھروں میں چوری کرنے والے گروہ جن میں خواتین بھی شامل ہیں، انہیں گرفتار کیا۔

پولیس کی جانب سے جو وومن پروٹیکشن سیل اور وومن کمپلینٹ سیل قائم ہے ،اس کی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنانے کے لیے اقدامات جارہے ہیں۔ آج سکھر میں عوام دوست پولیسنگ دیکھی جاسکتی ہے اور میری کوشش ہے کہ پولیس اور عوام میں رابطوں کو مزید مضبوط اور مستحکم بنایا جائے، کیوں کہ جرائم معاشرتی برائیوں کے خاتمے میں پولیس اور عوام مل کر اپنا اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

سکھر کی تاجر برادری اور عوام کا مکمل تعاون پولیس کے ساتھ ہے۔ سکھر کو ایک مثالی پرامن شہر بنانے کے ساتھ معاشرتی برائیوں سے پاک ضلع بناکر دم لیں گے۔

جرم و سزا سے مزید
جرم و سزا سے مزید