• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کامن ویلتھ گیمز، ریسلر انعام بٹ اور زمان انور سلور میڈل جیتنے میں کامیاب، عنایت کی تیسری پوزیشن

برمنگھم ( نصر اقبال/ نمائندہ خصوصی) کامن ویلتھ گیمز میں جمعے کو پاکستان نے مجموعی طور پر تین میڈلز حاصل کئے ،تینوں میڈلز ریسلنگ میں پاکستان کے حصے میں آئے۔انعام بٹ اور زمان انور نے سلور جبکہ عنایت اللہ نے کانسی کا تمغہ جیتا۔پاکستان کا ایک گولڈ،دو سلور اور دو برانز سمیت پانچ میڈلز ہوگئے ہیں۔ پاکستان کے شہرت یافتہ ریسلر محمد انعام بٹ نے86 کے جی میں سلور میڈل حاصل کیا، انہیں بھارت کے دیپک پونیا نے3-0سے شکست دی۔ انعام بٹ نے جنوبی افریقا کے ایڈورڈلیسنگ کو شکست دیکر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تھا۔ برانز میڈل مقابلے میں 65 کلوگرام کیٹیگری میں پاکستان کے عنایت اللہ نے کانسی کا تمغہ جیت لیا۔ عنایت اللہ نے اسکاٹ لینڈ کے روس کونیلی کو ہراکر برانز میڈل جیتا۔ انہوں نے اپنے حریف کو دوسرے راؤنڈ میں چت کیا۔65 کلوگرام ریسلنگ کے مقابلوں میں پاکستانی ریسلر عنایت اللہ نے کوارٹر فائنل میں نائیجیریا کے ریسلر ایمس ڈینیئل کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ بھارتی ریسلر کے خلاف ہونے والے فائنل میں دونوں کے حامی تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود تھی، پاکستانی تماشائی پاکستان کی شان انعام کے نعرے لگا رہے تھے جبکہ بھارتی شائقین ’’چک دے انڈیا‘‘ کے نعرے بازی کرتے رہے۔ مقابلے کے بعد محمد انعام بٹ نے کہا کہ سیمی فائنل میں سیدھے گھٹنے میں چوٹ لگنے کی وجہ سے فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ مقابلے میں تماشائیوں نے بہت زیادہ دل چسپی کا مظاہرہ کیا، بھارت کے دیپک نے کہا کہ انعام خطر ناک ریسلر ہے اس کے خلاف جیت میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ زمان انور نے 125 کلوگرام کیٹیگری میں سلور میڈل جیتا انہیں فائنل میں کینیڈا کے امرویر ڈیشی سے شکست کا سامنا کرناپڑا۔ دریں اثناء پاکستان کے ایتھلیٹ شجر عباس نے 200 میٹرز کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ نوجوان اسپرنٹر شجر عباس سیمی فائنل کی پہلی ریس میں 20.89 کی ٹائمنگ کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے، ہیٹ سے براہ راست کوالیفائی نہ کرپانے کے بعد شجر عباس کی کوالی فیکشن کا انحصار دیگر ایتھلیٹس کی ٹائمنگ پر تھا، پاکستانی ایتھلیٹ ٹاپ 8 میں رہنے میں کامیاب رہے اور آٹھویں پوزیشن کے ساتھ فائنل میں پہنچ گئے ۔ اس ریس کے فائنل میں پہنچنے والے وہ ایشیا کے واحد ایتھلیٹ ہیں فائنل ریس ہفتے کی شب پاکستانی وقت کے مطابق رات ڈیڑھ بجے ہوگی۔علاوہ ازیں کامن ویلتھ گیمزبیڈمنٹن کے انفرادی مقابلوں میں پاکستان کے چاروں کھلاڑی مراد علی، عرفان سعید بھٹی، غزالہ صدیق اور ماہور شہزاد راؤنڈ آف 32 میں شکست کے بعد باہر ہوگئے ۔ دریں اثناء ان فٹ قومی بیڈ منٹن چیمپئن اولمپئن ماہور شہزاد کو ڈاکٹر نے دس روز آرام کا مشورہ دیا ہے۔ جنگ سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ جنوری میں ہیمسٹرنگ کی شکایت ہوئی تھی جس میں بہتری آگئی تھی، میں مکسڈ ڈبلز میں بھارتی کھلاڑی سے ہونے والے میچ کے دورانبائیں ٹانگ میں چوٹ لگ گئی جس کی وجہ سے مقابلے سے دستبردار ہونا پڑا۔وہ پہلے گیم میں 20-22 سے شکست کے بعد دوسرے میچ میں انجرڈ ہوئیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انجری کی وجہ سے اپنامستقبل دائو پر نہیں لگاسکتی۔