• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان یزیدیت کے نرغے میں، فسطائیت سے نمٹنے کا منصوبہ دونگا، عمران خان

اسلام آباد ( ایجنسیاں)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہناہے کہ آج پاکستان یزیدیت کے نرغے میں ہے‘13اگست کو یزیدی حکومت کی فسطائیت سے نمٹنے کے لیے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا عوام خوف میں مبتلا ہوکر اس سازش کے سامنے سر جھکائیں گے یا کڑے امتحان میں کھڑے ہو کر اس کا سامنا کریں گے؟۔سابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی سائٹ پر اپنا طویل پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے لکھا کہ یہ جانتے ہوئے بھی کہ پیغمبر رسولﷺکے نواسے راہ حق پر تھے اْس کے باوجود کوفہ کے لوگ یزید کے خوف سے حضرت امام حسینؓ کی مدد کو باہر نہ نکلے اور پھر اسلامی تاریخ کا سب سے بڑا المیہ وقوع پزیر ہوا۔ عمران خان نے لکھا کہ ہر دور کا اپنا یزید ہوتا ہےجو دراصل مجرموں کا برسر اقتدار گروہ ہے، آج کا یزید امریکی سازش سے حکومت میں لایا گیا، آج پاکستان یزیدیت کے نرغے میں ہے۔دریں اثناءعمران خان سے ماہر قانون ڈاکٹر بابر اعوان نے بنی گالہ میں ملاقات کی جس میں سیاسی آئینی اور قانونی امور پر مشاورت کی گئی ۔ اس موقع پر عمران خان نے کہاکہ 13 اگست کا جلسہ آغاز انقلاب ہو گا، فوری انتخابات کو کوئی نہیں روک سکتا،جنہیں غلط فہمی ہے جلد دور ہو جائیگی، عمران خان نے کہاکہ عوام اب عام انتخابات کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ بابر اعوان نے کہاکہ سیاسی میدان میں شکست کھانے والا ٹولہ انتخابات سے بھاگ رہا ہے، شوباز کی نالائق الیون جو مرضی کر لے مقابلہ کریں گے۔ بابر اعوان نے کہاکہ جعلی مقدمات اور جھوٹی تحقیقات عوامی بیانیہ نہیں بن سکیں گی، اب آئی آئی پی ٹی آئی نہیں دو تہائی پی ٹی آئی ہوگا۔

اہم خبریں سے مزید