کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا دوٹوک مطالبہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر عوام کو ریلیف فراہم نہ کیا گیا تو لانگ مارچ دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ کراچی میں ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی یقین دہانی کے بعد لانگ مارچ میں عارضی وقفہ دیا گیا تھا لیکن جماعت اسلامی اپنے مؤقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹی ہے۔ پیٹرولیم لیوی عوام پر بھتہ ہے، ختم کی جائے،انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ حکومت ہمارے پرامن احتجاج کو ہرگز کمزوری نہ سمجھے، اگر وزیراعظم سے ملاقات ہوئی تو پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کے معاملے پر دوٹوک بات ہوگی۔حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ سیاسی کشمکش کے باعث عوام کے اصل مسائل سے توجہ ہٹائی جا رہی ہے، جبکہ مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔