• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کس مائی کے لعل میں ہمت ہے، عمران کو نااہل کرے‘ فواد چوہدری

اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ‘ایجنسیاں) تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے ممنوعہ فنڈنگ پر الیکشن کمیشن کا فیصلہ عاشورہ کے بعد عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ کس مائی کے لعل میں جرات ہے کہ عمران خان کو نااہل کرے‘ عمران خان کے بغیر پاکستان کی سیاست کیا ہے‘اگر جمہوریت ہے تو عمران خان سے مقابلہ کرنا پڑے گا‘کیا آپ پاکستان میں ون پارٹی سسٹم بنانا چاہتے ہیں؟ ہم نے آخری مرحلے کی تیاری کرلی ہے ،13 اگست کو تاریخی جلسہ ہوگا‘ہم انہیں انتخابات سے بھاگنے نہیں دیں گے‘الیکشن کمیشن پی ڈی ایم کی سبسڈری بن گیا ہے‘25 مئی کے واقعات پر ایف آئی آر کی درجنوں درخواستیں آرہی ہیں جن میں رانا ثنا اللہ، عطا تارڑ، احمد ملک اور حمزہ شہباز کو نامزدکیاگیاہے ‘معاملے پر جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کیاہے ‘امیدہے یہ لوگ جے آئی ٹی کے ساتھ تعاون کریں گے اوراسلام آبادمیں نہیں چھپیں گے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 13اکاؤنٹس میں 2 کروڑروپے ٹرانسفر ہوئے ہیں ‘پارٹی عہدیداروں کوآفس آپریشنز کی مد میں یہ رقم جاری کی گئی تھی، ایف آئی اے کس حیثیت میں پارٹی رہنماؤں کونوٹس جاری کررہی ہے؟۔فواد چوہدری نے اپنی گفتگو میں مخالف جماعتوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ پیپلزپارٹی کے اکاؤنٹس آڈیٹرز موجود ہی نہیں‘پیپلزپارٹی نے نہیں بلکہ پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز نے الیکشن لڑا ، پارٹی لیڈر کے بجائے جنرل سیکرٹری نے سرٹیفکیٹ جمع کرایا، پیپلز پارٹی نے الیکشن پر 232 ملین کے اخراجات ظاہر کیے ، امریکاسے آنے والے پیسے براہ راست زرداری کے اکاؤنٹ میں آئے ، پیپلز پارٹی نے جو ایل ایل سی بنائی اس کا کوئی ثبوت پاکستان میں نہیں، فواد چوہدری نے سوال اٹھایا کہ مسلم لیگ ن کے فنڈزکےذرائع پتا ہی نہیں کہاں سے آئے۔انھوں نے کہا کہ اسلام آبادہائی کورٹ نےکہا تھا کہ الیکشن کمیشن سب جماعتوں کی فنڈنگ کافیصلہ کرےگا، الیکشن کمیشن نےصرف پی ٹی آئی کافیصلہ دیا‘الیکشن کمیشن ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو کیوں بچارہا ہے؟ لگتا ہے الیکشن کمیشن کو اپنی ساکھ کی پروا نہیں ، الیکشن کمیشن کی پہلے بھی عزت نہیں ہے۔

اہم خبریں سے مزید