راولپنڈی (حافظ وسیم اختر ،سٹاف رپورٹر) تھانہ روات کے علاقہ میں پیر زادہ پر قاتلانہ حملہ گدی نشینی اورجائیداد کا جھگڑا نکلا،سیدعلی امام گیلانی کے حقیقی اور سوتیلے بھائیوں کے خلاف قتل ،اقدام قتل ،اعانت مجرمانہ ،مسلح ہوکربلوہ کرنے اور مجمع خلاف قانون کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیاگیا، قا تلانہ حملہ میں سیدعلی امام گیلانی کے ہمراہ زخمی ہونے والے ان کے ڈرائیور میاں احمد نوازقادری جیلانی کی مدعیت میں درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق 1995 سے پیر سید عبد القادر شاہ جیلانی کاڈرائیور تھا، 18 اکتوبر 2025کو پیر صاحب کی وفات کے بعد سائل ان کے بیٹے سیدعلی امام گیلانی کے ساتھ بطور ڈرائیور کام کرتا ہے ،18جنوری کوسائل ہمراہ سیدعلی امام گیلانی ،سید شہزاد حیدر گیلانی ،شاہد رانا اور شفقت حسین گاڑی پراڈو میں سوار ہوکر ہمراہ دیگر مہران گاڑی جس میں سید نگاہ علی گیلانی اور رضوان باقر سوار تھے اور قادریہ جیلانیہ انٹرنیشنل حسینیاں شریف چکیاں سے جامع مسجد فیض سروبہ کلرسیداں جا رہے تھے جب ہم ددوچھ موڑ اترائی پر شام 5بجے پہنچے تووہاں پہلے سے موجود مسلح اشخاص جن میں حمزہ ولد مرزا حیدر مسلح کلاش کوف ،رحیم شاہ مسلح کلاشن کوف ،ہمراہ دیگر نامعلوم 4مسلح آتشیں اسلحہ نے ہماری گاڑی پر فائرنگ شروع کردی۔