لاہور( ایجنسیاں)تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور فوج کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش ناکام ہو گی‘ عمران خان کو ناک آؤٹ کرنے کے لیے آپ کو نیا آئین لکھنا پڑے گا‘گزشتہ روز کے واقعے کو سمجھنے کے لیے 4ماہ کی صورت حال دیکھنا ہوگی۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ صبح سے شام تک حکومت والے فارن فنڈنگ سے متعلق پریس کانفرنسیں کر رہے تھے، اب یہ حکومت اپنے آپ کو اندر سے کھوکھلا محسوس کر رہی ہے، اب یہ آخری پھڑپھڑاہٹ ہمیں نظر آرہی ہے۔ مقدمہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ تحریک انصاف پاکستان کے لیے خطرہ ہے‘ عمران خان نے میٹنگ کال کر رکھی ہے، میٹنگ میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان ہو گا۔