اسلام آباد(ایجنسیاں)تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری جدوجہد جس کی لاٹھی اس کی بھینس کے خلاف ہے‘13اگست کو قوم کو بتائینگے حقیقی آزادی کیسے لی جاتی ہے‘جلسے میں اگلے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا، حقیقی آزادی تحریک کا یہ فیصلہ کن موڑ ہے۔حکومت خوفزدہ ہوچکی ہے‘ان کو پتہ ہے ابھی اگر الیکشن ہوئے تو ہم جیتیں گے‘یہ لوگ کچھ بھی کر لیں ناکام ہی ہوں گے‘جنہوں نے25مئی کو قانون توڑا انہیں سزا ملے گی‘ایکشن ضرورلیں گے ‘مجھےلگ رہا ہے پختونخوا میں ہمیں نقصان پہنچانے کیلئے پلاننگ جاری ہے‘ حکومت خوف اور دہشت کے سہارے قبولیت حاصل کرنا چاہتی ہے‘ کیا بنیادی حقوق اب باقی نہیں رہے؟۔مخصوص ٹولہ ملک پرحاوی ہوگیا ہے وہ اربوں چوری کرکے معاف کروا لیتا ہے جبکہ غریب تھوڑی سی چوری کر کے برسوں جیلوں میں پڑا رہتا ہے‘اگر کسی معاشرے میں انصاف نہ ہوتو وہ معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا ۔جمعرات کو اسلام آباد میں اقلیتی برادری کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ ساری دنیا میں آپس میں نفرت کی وجہ صرف مذہب کو بنایا جاتا ہے اور مذہبی بنیادوں پر ایک دوسرے کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ امریکا میں چار مسلمانوں کو صرف اس لیے قتل کردیا گیا کیوں کہ وہ مسلمان تھے، اسی کو اسلاموفوبیا کہا جاتا ہے اور یہ ساری دنیا کا مسئلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بالخصوص سندھ میں غیرمسلم لڑکیوں کو زبردستی مسلمان کیا جاتا ہے، جان لیں کہ جب بھی کوئی مسلمان زبردستی کسی کو مسلمان کرتا ہے وہ درحقیقت اپنے دین کی مخالفت کرتا ہے کیوں کہ خدا نے قرآن میں فرمایا ہے کہ دین میں جبر نہیں ہے‘ہم لڑکیوں کو زبردستی مسلمان بنانے کی مخالفت کریں گے‘ چیئرمین پی ٹی آئی نےکہا کہ رات کے 2بجے ایک نیوز ایڈیٹر کے گھر پولیس داخل ہوتی ہے اور اسے اٹھا کر لے جاتی ہے، شہباز گل کے ڈرائیور کی اہلیہ کو اٹھا لیا اور سوچا بھی نہیں کہ اس کی 10 ماہ کی بیٹی پر کیا گزرے گی۔