• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک امریکا عوامی سطح پر تعلقات ہماری طاقت ہیں، امریکی سفیر

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ا مریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے عوامی سطح پر تعلقات ہماری طاقت ہیں ۔

 تفصیلات کے مطابق امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کراچی میں قائد اعظم محمد علی جناح کی مزار پر حاضری دی اور آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ سفیر ڈونلڈ بلوم نے مزار قائد پر پھول چڑھائے اور مہمانوں کیلئے تاثراتی کتاب پر امریکی سفارتخانے کی جانب سے تاثرات درج کئے۔

 امریکی سفیر نے مہمانوں کی کتاب پر تاثرات درج کرتے ہوئے کہا کہ مزار قائد کا دورہ اور بانی پاکستان محمد علی جناح کے عظیم ورثے کویاد کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کرنا باعث فخر ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنے ملک اور پڑوسی ممالک میں امن سمیت پاکستان میں مذہبی رواداری، معاشی و معاشرتی استحکام کا تصور پیش کیا.

 امریکا بانی پاکستان کے تصورات کو پھیلانے میں شراکت دار ہے، ہم امریکی عوام کی جانب سے پاکستان کو آزادی کے 75؍ سال مکمل ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ امریکا اور پاکستان اس سال باہمی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی خوشی منا رہے ہیں۔

امریکا پاکستان کیساتھ طویل المدتی اور پائیدار تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، اور ہمیشہ اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ امریکا کیلئے مضبوط، خوشحال اور جمہوری پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ہم نجی شعبے میں سرمایہ کاری اور تجارت کو فروغ دیکر دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات کو مستحکم بنانے کا اعادہ کرتے ہیں اور ایسے اقدام سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔

اہم خبریں سے مزید