• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راجہ بازار جانیوالی سڑکوں پر غیرقانونی تجاوزات شہریوں کیلئے وبال

راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) گوالمنڈی سے راجہ بازار جانیوالی سڑک کے دونوں اطراف غیر قانونی تجاوزات کی بھرمار شہریوں کیلئے وبال جان بن گئیں۔ تجاوزات سے بدترین ٹریفک جام معمول بن چکا لیکن انتظامیہ خاموش تماشائی ہے۔ سڑک کے دونوں اطراف دکانداروں نے سامان رکھ کر آدھی سڑک پر قبضہ جمایا ہوا ہے۔ تجاوزات کے باعث گوالمنڈی سے راجہ بازار اور لیاقت باغ سے راجہ بازار 2منٹ کا راستہ طے کرنے کیلئے اکثر ایک ایک گھنٹہ لگ جاتا ہے۔ امپیریل مارکیٹ کے باہر ہزاروں موٹر سائیکلوں کی پارکنگ اور دکانداروں کے غیر قانونی قبضوں سے ٹریفک فلو متاثر ہو کر اکثر لمبی قطاریں لگی رہتی ہیں۔ کسی ایمرجنسی میں راجہ بازار فوارہ چوک جانیوالی ایمبولنس میں موجود مریض کی جان ٹریفک رکاوٹوں کے باعث جانے کا بھی اندیشہ رہتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کالی انتظامی بھیڑوں کی ملی بھگت سے قائم کی گئی تجاوزات کو فوری ختم کر کے ایسے دکانداروں کا سامان ضبط اور انہیں بھاری جرمانے کئے جائیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک پر خواتین‘ بچوں اور بزرگوں کیلئے بنائے گئے فٹ پاتھ پر دکانداروں کی جانب سے مستقل قبضے قائم ہیں جو شہریوں کے حقوق کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ راجہ بازار خریداری کیلئے آنیوالے شہریوں کیلئے پارکنگ کا بھی معقول انتظام ہونا چاہئے۔
اسلام آباد سے مزید