• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PTI کیلئے امریکی لابنگ فرم، پارٹی کے حق میں رائے عامہ ہموار کرنے کی خاطر 6 ماہ کیلئے 60 لاکھ روپے ماہانہ پر خدمات حاصل کی گئیں

واشنگٹن، اسلام آباد (واجد علی سید، نیوز ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے امریکا میں لابنگ فرم کی خدمات حاصل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی نے 6 ماہ کیلئے 25 ہزار ڈالر ماہانہ پرلابنگ فرم فینٹن آرلوک کی خدمات حاصل کیں اور معاہدے کے مطابق کمپنی پی ٹی آئی کو پبلک ریلیشنز سروسز فراہم کریگی۔

اسکے علاوہ کمپنی آرٹیکلز چھپوانے، پی ٹی آئی نمائندوں اور حمایت کرنے والوں کے ٹی وی انٹرویوزکا اہتمام کریگی۔ جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے لابنگ فرم کے حوالے سے خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ لابنگ فرم نہیں میڈیا ریلیشن شپ فرم ہے.

 وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ عمران نیازی نے امریکا کیخلاف سازشی تھیوری گھڑی اب معافی پر اتر آئے ہیں، پی ٹی آئی چیئرمین کے کتنے چہرے ہیں کمپیوٹر بھی پریشان ہے، وفاقی وزیر برائے موسمیات شیری رحمٰن نے کہا کہ عمران خان مکمل بے نقاب ہوچکے ہیں ٹوپی ڈراما بند کرکے قوم اور ریاست سے معافی مانگیں، طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے امریکا سے معافی مانگنے کیلئے فرم ہائر کی ہے۔

 تفصیلات کے مطابق عمران خان کی جانب اس شورو غوغا کے بعد کہ انکی حکومت کو کسی مبینہ امریکی سازش کے ذریعے ہٹایا گیا، پاکستان تحریک انصاف نے اپنے کام کی تشہیر میں مدد کیلئے امریکا میں ایک لابنگ فرم کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔

ایجنٹس رجسٹریشن ایکٹ (فارا) کے تحت محکمہ انصاف کو دائر دستاویزات کے مطابق لابنگ فرم فینٹن/آرلک تعلقات عامہ کی خدمات فراہم کریگی جس میں صحافیوں کو معلومات کی تقسیم اور بریفنگ، مضامین اور نشریات شائع کرنا، پی ٹی آئی کے نمائندوں یا حامیوں کے ساتھ انٹرویوز کا اہتمام کرنا، سوشل میڈیا کی کوششوں کے بارے میں مشورہ دینا اور اس طرح کی دیگر تعلقات عامہ کی خدمات شامل ہیں۔

فرم اور PTI-USA Inc کے درمیان چھ ماہ کی مدت کیلئے معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں اور فرم کو ماہانہ 25 ہزار ڈالرز ادا کیے جائینگے۔ معاہدے میں بتایا گیا ہے کہ کلائنٹ میں پی ٹی آئی، پاکستان میں رجسٹرڈ سیاسی جماعت، شامل نہیں بلکہ اسکی شقوں کے تحت فارا کی دستاویزات بھی اس بات کو نمایاں کرتی ہیں کہ بعض صورتوں میں پی ٹی آئی یو ایس اے کو پاکستان میں غیر ملکی سیاسی جماعت کی جانب سے ہدایت کی جاتی ہے۔

ایک اور شق میں فارا فارم استفسار کرتا ہے کہ کیا مذکورہ غیر ملکی پرنسپل کی جانب سے سرگرمیوں میں سیاسی سرگرمیاں شامل ہوں گی جس کا فرم نے اثبات میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ پی ٹی آئی یو ایس اے کی جانب سے صحافیوں، ایڈیٹرز، پروڈیوسروں اور کالم نگاروں سے رابطہ کریگی تاکہ وہ صرف امریکی میڈیا کو اپنے خیالات کی وضاحت کریں۔

 لابنگ فرموں کی خدمات حاصل کرنا اور ممالک، اداروں اور یہاں تک کہ غیر ملکی سیاسی جماعتوں کی جانب سے کام کرنا امریکا میں ایک معمول کی مشق ہے۔ ماضی میں پاکستان سفارت خانے، پاکستان پیپلز پارٹی حتیٰ کہ پی آئی اے نے بھی اپنے مفادات کے فروغ کیلئے لابنگ فرموں کی خدمات حاصل کی تھیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی لابنگ فرم فینٹن/آر لک ایل ایل سی کو حکومت پاکستان نے اس سال مارچ میں ہائر کیا تھا جب پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان حکومت میں تھے۔

ابتدائی معاہدہ تقریباً چھ ماہ کیلئے تھا اور سفارت خانے کو تعلقات عامہ کی خدمات فراہم کرنے کیلئے سفارت خانہ پاکستان نے اس پر دستخط کیے تھے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر احسن اقبال پی ٹی آئی اور لابنگ کمپنی کے درمیان معاہدے کی تفصیلات منظر عام پر لے آئے۔

 احسن اقبال نےٹوئٹر پر تفصیلات جاری کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ شرم تم کو مگر نہیں آتی، عمران خان نے قوم میں امریکا کیخلاف سازشی تھیوری گھڑ کے ہیجان پیدا کیا ہوا ہے اور عمران خان امریکا سے ترلے اور معافی پراتر آیا ہے۔

 احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پہلے ایلچی بھیجے اور پھر سفیر سے خود منت سماجت کی، اب لابسٹ رکھ کے معافی تلافی پرکام ہو رہا ہے، اس کپتان کے کتنے چہرے ہیں؟ کمپیوٹر بھی پریشان ہے۔ ادھر پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے بھی پی ٹی آئی کے فرم سے معاہدے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

 شیری رحمٰن نے کہا کہ پی ٹی آئی بتائے کہ اس کو امریکا میں تشہیر کی کیوں ضرورت پڑ گئی، عمران خان مکمل بے نقاب ہوچکے ہیں، انہیں ٹوپی ڈراما بند کرکے قوم اور ریاست سے معافی مانگنی چاہیے۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ جس طرح لوگ اپنے محبوب سے ویڈیو کال کرتے ہیں اسی طرح عمران خان امریکی سفیر کو ویڈیو کال کرتے ہیں۔

فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے خلاف ٹرینڈ چلانے والے انکے لوگوں سے پیسے لیتے رہے ہیں اور وہ عمران خان جو روزانہ امریکی برانڈ کی نئی ٹی شرٹ پہن کر امریکا کے خلاف خود بھاشن دیتا ہے وہ اندر کھاتے امریکا سے تعلقات بہتر کرنے کیلئے سر توڑ کوششیں کررہاہے یہی نہیں بلکہ اس نے اسی امریکی، بھارتی، اسرائیلی پیسے سے امریکہ میں لابنگ کیلئے فرم ہائر کی ہے تاکہ اس کی معافی تلافی ہوسکے۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے امریکا میں لابنگ فرم کی خدمات حاصل کرنے سے متعلق میڈیا میں گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کردیا۔

پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے مختلف حلقوں کی جانب سے لابنگ کمپنی کی خدمات حاصل کرنے سے متعلق بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی یو ایس اے نے میڈیا میں اپنے نقطہ نظر کو اجاگر کرنے کے لیے ایک میڈیا ریلیشن شپ فرم کی خدمات حاصل کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ میں نے کاغذات کے اردو ترجمے کیلئے کہا ہے تاکہ لائق اور فائق صحافی اور وزرا کو سمجھ آسکے کہ یہ لابی فرم نہیں ہے۔

اہم خبریں سے مزید