لندن(ودود مشتاق) سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز نے کہا ہے کہ لاہور ہاکی اسٹیڈیم میں سیاسی جلسہ قانون کی خلاف ورزی ہے اور عمران خان جیسے اسپورٹس مین کیلئے شرم کا مقام ہے کہ ہاکی کے تباہ شدہ کھیل میں اپنی طرف سے مزید حصہ ڈالیں، وہ پاکستان سے آئے ہوئے اسپورٹس جرنلسٹس کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں بیٹھ کر مجھے سخت افسوس ہورہا ہے اور رنجش ہے کہ عمران خان کو یہ نہیں کرنا چاہئے تھا، پوری دنیا میں پاکستان کی بے عزتی ہوگی، لوگ تباہ حال ہاکی گرائونڈ کی فلمیں بنا کرپوری دنیا میں دکھائیں گے کہ ایک جلسے کےلئے پاکستان کا بہترین ہاکی اسٹیڈیم ایک سیاسی جلسے کےلئے تباہ کردیا ہے اور آسٹروٹرف کو تباہ کیا جانا میرے لئے نا قابلِ قبول ہے، انہوں نے کہا کہ برمنگھم کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان ہاکی کا کیا حشر ہوا ہے اس کے بعد تو عمران خان کو ہاکی کی تباہی نہیں کرنی چاہئے تھی، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تو ایسے گرائونڈز کی زیادہ ضرورت ہے لیکن یہ آدمی قیمتی ہاکی اسٹیڈیم کو اپنی سیاست کی نظر کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کے احکامات موجود ہیں کہ کھیل کے میدان سیاست کےلئے استعمال نہیں ہوسکتے، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان کو مینار پاکستان ، موچی گیٹ یا کسی بھی اور جگہ پر سیاسی جلسہ کرنا چاہئے تھا، ایک اور سوال کے جواب میں سرفراز نواز نے کہا کہ ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم میں فاسٹ بولرز شامل نہیں کئے جا رہے ہیں، اس کےلئے پاکستان کو فائدہ اٹھانا چاہئے اور پاکستان کو ایشیا کپ کا چیمپئن بننا چاہئے۔