• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز گل کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا، فیصلے پر نظرثانی کی اپیل مسترد

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے پولیس کی مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا،جبکہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عدنان خان نے جوڈیشل ریمانڈ کے فیصلہ کے خلاف نظر ثانی اپیل ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے درخواست مسترد کردی۔

جمعہ کو شہباز گل کو عدالت پیش کیاگیا، شہباز گل نے کہاکہ افواج کے بارے میں ایسی بات کرنیکا سوچ بھی نہیں سکتا،مجھ پر تشدد کے نشانات موجود ہیں،فزیکل چیک اپ نہیں کیا گیا وکلاء سے ملنے نہیں دیا جا رہا،ساری ساری رات مجھے جگایا جاتا ہے.

 میرا فرضی میڈیکل اپنی مرضی سے بنایا گیا، ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہاکہ شہباز گل کے ڈرائیور کو بنی گالہ چھپایا ہوا ہے، ٹرانسکرپٹ تھا جو پڑھا گیا یہ نہیں بتا رہا کون اس کے پیچھے ہے،پولی گرافک ٹیسٹ کرانا ہے ، ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے کہ پروگرام میں یہی بات کر رہا ہے.

 بعد ازاں جاری اپنے تحریری حکم نامہ میں عدالت نے کہاکہ تفتیشی افسر نے 12 روزہ مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی اور کہاکہ ملزم نے تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کیا، وکلاء نے شہباز گل کی درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری دائر کرنے کا فیصلہ کرلیااور سماعت کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں فواد چوہدری، علی نواز اعوان اور راجہ خرم نواز نے بخشی خانہ میں شہباز گل سے ملاقات کی، جبکہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد عدنان خان نے شہباز گل کو جوڈیشل ریمانڈ کے عدالتی فیصلہ کے خلاف نظر ثانی اپیل ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے درخواست خارج کردی۔

اہم خبریں سے مزید